سلمان تاثیر سے احسن اقبال


یقیناً اسلام میں کسی کی جان لینے کی اجازت نہیں ہے لیکن بات یہ ہے۔۔۔

سلمان تاثیر کے قتل کے بعد ہر تبصرہ ہر بحث اسی طرح شروع ہوتی تھی اور پھر ان باتوں کا ایک ایسا سلسلہ چل نکلا جو ممتاز قادری کی قبر سے ہوتا ہوا فیض آباد پر دھرنا دیتا، داتا دربار پر نعرے لگاتا، نارووال تک جاپہنچا اور احسن اقبال کے دل سے کچھ دور گولی کی شکل میں پیوست ہوگیا۔

یار لوگ یہ بھی کہتے ہیں کہ اگر انھوں نے مارنا ہوتا تو گولی کندھے پر نہیں لگتی، ان کا مقصد ڈرانا تھا صفحہ ہستی سے مٹانا نہیں تھا۔

یار لوگوں کو یقین ہے کہ وہ جو چاہیں کر سکتے ہیں، وہ کبھی ناکام نہیں ہوتے ان کا نشانہ کبھی نہیں چوکتا۔

یار لوگوں کا یقین اتنا پختہ ہے کہ وہ کبھی ان لوگوں کا نام بتانے کی زحمت ہی نہیں کرتے، توقع کرتے ہیں کہ آپ سب خود ہی سمجھ جائیں گے۔

میں یہ سمجھنے کی کوشش کر رہا ہوں کے ایک اچھے مسلمان اور گستاخ مسلمان میں فاصلہ کم ہوتا جا رہا ہے۔

جہاں پر کل سلمان تاثیر کھڑا تھا وہاں پر آج احسن اقبال کھڑا ہے۔

دونوں مسلمان ہیں لیکن تاثیر صاحب بظاہر ایک لبرل مسلمان، ایک پارٹی کرنے والا مسلمان، سوشلسٹ سے بزنس مین بنا مسلمان، وطن عزیز میں مسلمان کی حدوں کو نہ ماننے والا مسلمان ایک غریب، غیر مسلم عورت۔۔۔۔۔۔۔۔

ایسے مسلمان کو اپنے انجام تک پہنچنے کے لیے زیادہ دور نہیں جانا پڑتا۔ ان کا اپنا باڈی گارڈ سرکاری بندوق سے سرکاری گولیاں چلا دیتا ہے۔

سلمان تاثیر

پھر غازی ۔۔۔۔ اور شہید ہونے سے بچنے کے لیے اپیلیں کرتا ہے، کہ میری جان بخشی کی جائے میرے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں۔

مسلمان ہونے کے پیمانے کے دوسرے سرے پر کھڑا ہے احسن اقبال۔

غالباً ابھی ان کی ایمبولینس رستے میں ہی ہوگی، کہ ان کے کابینہ کے ساتھیوں نے ہمیں یاد کرانا شروع کر دیا کہ احسن اقبال کوئی ایسا ویسا مسلمان نہیں ہے۔

صالح آدمی ہے صوم و صلوۃ کا پابند مسلمان ہے۔ کسی اور نے ہمیں یاد کرایا کہ ان کی والدہ ایک مذہبی جماعت کی رہنما تھیں، ایک صالح خاتون تھیں تہجد گزار تھیں اور ملک میں اسلامی نظام نافذ کرنے والی مجلس شوریٰ کی رکن تھیں۔

احسن اقبال پر جب سعودی عرب کا اقامہ رکھنے کا الزام لگا تھا تو انھوں نے کہا تھا کہ اس مقدس سرزمین کا اقامہ رکھنا کونسا مسلمان نہیں چاہے گا۔

تو ہر مروجہ معیار کے مطابق احسن اقبال ایک دیندار مسلمان، نمازی، پرہیزگار اور عاشق رسول تھے۔

ان کو قتل کرنے کی کوشش کرنے والا کہتا ہے کہ احسن اقبال گستاخ ہے اور اس کو قتل کرنے کا حکم اسے اوپر والوں کے بھی اوپر والوں نے خواب میں آ کر دیا تھا۔

جیسے آج تک یہ فیصلہ نہیں ہو سکا کہ اصلی شہید سلمان تاثیر ہے یا ممتاز قادری، اسی طرح اب ہم پوچھتے پھریں گے کہ اصلی عشق رسول کون ہے، ہمارا وزیرداخلہ یا اس پر گولی چلانے والا نوجوان؟

یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ یہ نوجوان اکیلا ہی تھا، اس کے پیچھے کسی کا ہاتھ نہیں، لیکن کیا یہ ناکام قاتل واقعی اکیلا تھا یا اس کے ساتھ نہ نظر آنے والا ایک قافلہ چل رہا ہے؟

ممتاز قادری

گذشتہ انتخاب میں ایک انتہائی موثر انتخابی مہم ہمارے بھٹکے ہوئے طالبان بھائیوں نے چلائی تھی۔ ان کو اپنے مخالف سیاستدانوں کو نشانہ بنانے کے لیے ایک نیٹ ورک کی ضرورت تھی۔ سلیپر سیل چاہیے تھے غریبوں کے بچوں کی چھاتیوں پر باندھنے کے لیے خودکش جیکٹیں درکار تھیں۔

پھر بھی طالبان نے پی پی پی، اے این پی اور ایم کیو ایم کے امیدواروں کو تقریباً گھروں میں نظر بند کر دیا تھا۔ باقی جماعتوں کو الیکشن لڑنے کی کھلی آزادی تھی کیونکہ طالبان کی سوچ کے مطابق ان میں اچھے یا کم ازکم قابل برداشت مسلمان تھے۔

گذشتہ الیکشن میں احسن اقبال ایک اچھے مسلمان تھے آج وہ گستاخ ہیں۔

یوں لگتا ہے کہ اس انتخابی مہم میں خودکش بمباروں کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ ہر دوسری گلی کے کونے پر ایک نوجوان موجود ہے جس کے دل میں حُب رسول کا دستی بم ٹک ٹک کر رہا ہے۔

خواب میں حکم آنے میں کوئی دیر نہیں لگے گی، اور ایک کنگال، بے روزگار نوجوان جب اپنی کرنے پر آجائے تو 30 بور کا پستول کہیں سے پیدا کر ہی لے گا۔

لیکن جس تیزی سے کل کے مومن آج کے گستاخ ٹھہرائے جارہے ہیں کوئی دن جاتا ہے کہ کوئی غازی غلام خادم رضوی کا گریبان پکڑے گا اور کہے گا اوئے گستاخ ۔۔۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp