کس کے ذکر پر عالیہ بھٹ کے چہرے کا رنگ لال ہو گيا؟


اس ہفتے سونم کپور کی شادی میں بالی وڈ کے سبھی بڑے ستارے جگمگائے لیکن سب کی نظریں صرف ایک جوڑے پر جا کر نہ صرف ٹھریں بلکہ خبریں بھی بنیں اور یہ جوڑی تھی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی۔

سبز رنگ کے خوبصورت جوڑے میں عالیہ بھٹ رنبیر کا ہاتھ تھام کر جب سونم کے گھر میں داخل ہونے لگیں تو جیسے میڈیا کو پرفیکٹ پکچر اور لکھنے والوں کو مصالحہ مل گیا ہو۔ رنبیر نے سفید رنگ کی شیروانی پہن رکھی تھی۔

ساتھ ہی یو ٹیوب پر عالیہ کے اس انٹرویو کے بھی بڑے چرچے ہیں جس میں انھوں نے رنبیر کے نام پر اپنے چہرے کا رنگ لال ہونے کی بات کہی۔ رجت شرما کے شو ‘آپ کی عدالت’ میں جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کا نام مختلف جوڑوں کے ساتھ جوڑا جاتا ہے کبھی ورون دھون تو کبھی سدھارتھ ملہوترہ اور آجکل ان کا نام کسی اور کے ساتھ لیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

٭ سونم کی شادی میں فلمی ستاروں کا تانتا

٭ کیا عالیہ اور رنبیر صرف دوست ہیں؟

اس کے جواب میں عالیہ نے پوچھا کہ کس کے ساتھ؟ جواب میں رجت شرما نے رنبیر کپور کا نام لیا تو عالیہ نے شرماتے ہوئے دونوں ہاتھوں سے اپنا چہرہ چھپا لیا اور ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اگر افیئر ہوگا تو بھی میں سب کے سامنے قبول نہیں کروں گی۔ ویسے عالیہ قبول کریں یا نہ کریں ان کا چہرہ اور آنکھیں کافی کچھ کہہ رہی تھیں۔

دیپکا

اس وقت بالی وڈ کی تمام چھوٹی بڑی اور پُرانی ہیروئنز 71 ویں کانز فیسٹیول کی شان بڑھانے میں مصروف ہیں۔ ایشوریہ رائے بچن تو کانز فیسٹیول میں جیسے ڈگری لے چکی ہیں۔ اس بار بھی وہ اپنی ننھی بیٹی ارادھیا کے ساتھ کانز جا پہنچی ہیں۔

سونم کپور بھی اپنی شادی نپٹا کر جلدی سے فرانس پہنچ گئی ہیں اب پتہ نہیں وہ ریڈ کارپٹ پر کوئی سٹائلشٹ گاؤن پہننے والی ہیں یا پھر اپنے ولیمے کا جوڑا پہنیں گی۔ بحر حال اس بار دپیکا سب سے زیادہ خبروں میں ہیں جنھوں نے پچھلے سال ہی اس فیسٹول میں اینٹری لی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

٭ کانز فلمی میلے میں ایشوریہ کے 15 برس

٭ کانز فلم فیسٹیول کی 70 سالہ تاریخ کے دلچسپ لمحات

ان کی کئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔ کچھ ان کی خوبصورتی کی وجہ سے اور کچھ رنویر سنگھ کے کمنٹس کے سبب بحر حال اس وقت دپیکا کے علاوہ کنگنا راناوت، ہما قریشی، ایشوریہ رائے اور کانز کی رونق ملکہ شیراوت اپنے اپنے گاؤنز اور ملبوسات کا بڑھ چڑھ کر مظاہرہ کر رہی ہیں۔

اداکار ارجن کپور کہتے ہیں عورتوں کو اسی وقت با اختیار بنایا جا سکتا ہے جب مردوں کا نظریہ تبدیل ہو۔ ارجن کا کہنا ہے کہ عورتوں کی مدد اور حمایت انھیں با اختیار بنانے کے لیے کافی نہیں ہے۔

ارجن کپور لڑکیوں کو با اختیار بنانے کی ایک مہم سے وابستہ ہیں۔ ارجن کہتے ہیں ‘عورتوں کو با اختیار بنانے’ کی اصطلاح کو آج کل کچھ زیادہ ہی استعمال کا جاتا ہے اس کے برعکس اس سمت میں کام کچھ نہیں ہوتا۔

ارجن نے فلم ‘کا اینڈ کی’ میں کچھ ایسا ہی کردار ادا کیا تھا۔ ارجن کا کہنا ہے کہ اصل مرد یا ہیرو وہ ہے جو اصل زندگی میں اپنی بیوی، بہن یا بیٹی کو آگے بڑھنے کی ترغیب دے اور ان کی مدد کرے۔

ارجن کی بات سے بہت سے لوگ اتفاق کریں گے کہ اس اصطلاح کا استعمال اب فیشن بن گیا ہے اب اس مست میں عملاً کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp