کراچی: پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین جلسہ گاہ پہنچ گئے


پشتون تحفظ موومنٹ کی جانب سے سہراب گوٹھ، کراچی میں جلسے کا آغاز ہو چکا ہے اور اس تحریک کے سربراہ منظور پشتین کافی تاخیر کے بعد جلسہ گاہ پہنچ گئے ہیں۔ لاہور سے ہوائی ٹکٹ منسوخ کیے جانے کے بعد وہ بذریعہ سڑک کراچی پہنچے۔ جلسہ گاہ پہنچنے پر لوگوں نے کھڑے ہوکر نعروں کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔

کراچی میں بی بی سی کے نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق سہراب گوٹھ جلسہ گاہ میں مزدور رہنما، خواتین تنظیمیں اور مبینہ طور پر لاپتہ ہونے والے پشتون اور بلوچ افراد کے لواحقین شامل ہیں۔ نامہ نگار کے مطابق جلسہ گاہ کے اردگرد رینجرز اور پولیس کی نفری تعینات ہے اور پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماؤں نے ایک بار پھر حکام پر الزام عائد کیا ہے کہ جلسے کے لیے آنے والے ان کے حامیوں کو روکا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ سنیچر کو سندھ کی صوبائی حکومت نے پشتون تحفظ موومنٹ کو سہراب گوٹھ میں واقع ایک میدان میں جلسے کی اجازت دے دی تھی جبکہ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ پی ٹی ایم کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ جلسہ پرامن ہوگا اور اس میں اشتعال انگیزی نہیں کی جائے گی۔

اس سے قبل پشتون تحفظ موومنٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ کراچی میں تنظیم کا جلسہ روکنے کے لیے ان کے 12 سے زائد کارکنوں اور حامیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ تنظیم کے سربراہ منظور پشتین کا ہوائی ٹکٹ منسوخ کر دیا گیا ہے۔

کراچی جاتے ہوئے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ کوئی بھی رکاوٹ پشتونوں کے عزم کو کم نہیں کر سکتی۔

منظور پشتین نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ہم پندرہ سال سے جنگ دیکھ رہے ہیں اور یہ مشکلات اُن مشکلات سے بہت کم ہیں۔ ہم سب کو پرامن رہنا ہے۔‘

دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ کہ پرامن اجتماع کرنا پاکستان کے تمام لوگوں کا آئینی حق ہے۔ ’پی ٹی ایم کے خلاف ریاستی جبر میں ایک بار پھر تیزی دیکھنے میں آئی ہے جو کہ تشویشناک بات ہے۔‘

ایچ ار سی پی کا کہنا ہے کہ ’اگر اس حقیقیت کو مدنظر رکھا جائے کہ آج تک پی ٹی ایم کی جتنی بھی ریلیاں ہوئی ہیں وہ پرامن رہیں، تو یہ کہا جا سکتا ہے کہ حکام نے طاقت کا جو بے جا استعمال کیا ہے، اس کی ہرگزضرورت نہیں تھی۔‘

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے ایک پیغام میں پی ٹی ایم کو جلسے کی اجازت ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ہر چیز پرامن ہو گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32287 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp