وہ ایپلیکیشنز جو رمضان شریف میں آپ کے کام آ سکتی ہیں


ڈیجیٹل رمضان کریم

مشہور مقولہ’’ ضرورت ایجاد کی ماں ہے‘‘، دراصل اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ ہر ایجاد کا اوّلین اور بنیادی مقصد حضرتِ انسان کےلیے سہولتوں کی فراہمی ہے ۔ اس لیے کہا جاسکتا ہے کہ ہر ایجاد اپنے اندر مثبت استعمال کے بے پناہ امکانات و مواقع رکھتی ہے، اب یہ ہماری صوابدید پر ہے کہ ہم کسی ایجاد کو کن مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ آج کی سب سے اہم ایجاد، اسمارٹ فون کے ساتھ بھی ہے۔ یہ مختصر سا جادوئی آلہ، ماہِ رمضان کے مقدّس ایّام میں ایک نیک اور اچھے خدمت گار کی طرح ہمارے لیے کس قدر فائدہ مند اور سہولت کا باعث بن سکتا ہے، اگر آپ عملی مظاہرہ ملاحظہ کرنا چاہتے ہیں، تو ذیل میں پیش کی گئی ایپس کو اپنے اسمارٹ فون کا حصّہ بنائیں۔

سحروافطار کا اسمارٹ کیلنڈر: افریقی مُلک، یوگنڈا خطِ استوا پر ہونے کی وجہ سے دنیا کا وہ واحد مُلک ہے، جہاں چودہ سو سالوں سے سحر و افطار کے اوقات ایک ہی ہیں اور کبھی تبدیل نہیں ہوئے، جب کہ موسموں کی تبدیلی بھی یہاں کے سحروافطار اور نماز کے اوقات پر اثر انداز نہیں ہوتی،لیکن ہم یوگنڈا میں نہیں رہتے، اس لیے ہمیں سحر و افطار کے لیے کیلنڈر کی ضرورت رہتی ہے۔ اس بار آپ کو سحر و افطار کے درست اوقات جاننے کےلیے رمضان کیلنڈر دیکھنے یا کسی موبائل فون کمپنی سے الرٹ سبسکرائب کرکے اپنا قیمتی بیلنس خرچ کرنے کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں، بس اپنے اسمارٹ فون میں ڈیجیٹل رمضان کیلنڈر ایپ انسٹال کر لیں، یہ آپ کو گھڑی پر مسلسل نظر رکھنے کی کوفت سے بے نیاز کردے گی۔ اس ایپ کا انٹرفیس انتہائی دیدہ زیب و دِل کش ہے، جب کہ اس میں ہجری کیلنڈر، تلاوتِ قرآن پاک سمیت دیگر کئی اضافی سہولتیں بھی مہیا کی گئی ہیں اور وہ بھی بالکل مفت۔ اس ایپ کا لنک http://wi.cr/clVKjہے۔

شامی پناہ گزین بچّوں کو کھانا کھلائیں: ویسے تو پاکستانی صدقات، عطیات اور خیرات جیسے بھلائی کے کام سارا سال ہی کرتے رہتے ہیں، جس کی وجہ سے ہمارا شمار دنیا کی سب سے زیادہ صدقات و زکوٰۃ دینے والی اقوام میں کیا جاتا ہے، لیکن رمضان المبارک وہ خاص مہینہ ہے کہ جس میں سخاوت پورے جوبن پر ہوتی ہے اور کیوں نہ ہو، آخر رمضان المبارک میں دیے گئے ہر عطیے اور صدقے کا ثواب ستّر گنا زاید جو ملتا ہے، مگر دیکھا یہ گیا ہے کہ اس ماہِ مقدس میں سادہ لوح افراد اپنی زکوٰۃ و عطیات ایسے لوگوں کو بھی دے بیٹھتے ہیں، جو ان کے مستحق نہیں ہوتے یا وہ گروہ اُن کی حلال و طیب کمائی کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اس لیے ضرورت اس اَمر کی ہے کہ ہمیشہ زکوٰۃ و صدقات پوری تحقیق کے بعد ہی دیے جائیں۔

اس مقدّس فریضے کی ادائی کے لیے’’ شیئر دی میل‘‘ نامی موبائل ایپ ایک بہترین انتخاب ثابت ہوسکتی ہے۔ اس ایپ کو اقوامِ متحدہ کے عالمی غذائی پروگرام کے تحت تیار کیا گیا ہے، جس کے ذریعے ماہِ رمضان کے دَوران، شامی پناہ گزین بچّوں تک اپنے اسمارٹ فون پر صرف ایک بٹن دبا کر اپنی زکوٰۃ بہ صورت خوراک پہنچائی جا سکتی ہے۔ ’’شیئردی میل ایپ‘‘ کا عربی ورژن بھی ہے، جو رمضان المبارک کے مقدس ایّام میں لبنان میں موجود پناہ گزین بچّوں کے لیے بروقت امداد کا ذریعہ بن رہا ہے۔ اس ایپ کی مدد سے عطیہ کنندگان،50 امریکی سینٹس دے کر متعدّد ممالک میں موجود پناہ گزینوں کے لیے ایک دن کے مکمل کھانے کا انتظام کرواسکتے ہیں۔ اس ایپ کا مختصر لنک http://wi.cr/kfkmuWFہے۔

’’راستہ ‘‘ایپ بچائے گی ،رمضان میں ٹریفک جام کی کوفت سے: بے ہنگم ٹریفک جام میں پھنس جانا، پاکستان کے ہر بڑے شہر میں رہنے والوں کا روز کا مسئلہ ہے، جب کہ رمضان المبارک میں تو ٹریفک جام کی شکایات عام دنوں کی نسبت کئی گنا بڑھ جاتی ہیں، خاص طور پر افطار کے وقت گھر پہنچنے کی عجلت کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام ہو جاتا ہے، جس میں پھنس کر بے شمار لوگوں کو افطار سڑک ہی پر کرنی پڑ جاتی ہے، لیکن اگر آپ لاہور کے رہائشی ہیں یا اس رمضان لاہور جانے کا ارادہ ہے، تو کم ازکم وہاں تو ٹریفک جام میں پھنسنے سے بچ سکتے ہیں، کیوں کہ سٹی ٹریفک پولیس، لاہور نے شہریوں کی سہولت کی خاطر رمضان المبارک میں ’’راستہ ایپ‘‘ متعارف کروا کر عوامی خدمت کا ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔

اس ایپ کو اپنے موبائل فون میں انسٹال کرنے کے بعد، شہری لاہور کی سڑکوں پر ٹریفک سے متعلقہ تمام تازہ ترین معلومات موبائل فون پر حاصل کرسکتے ہیں۔یہ ایپ، آپ کو بتائے گی کہ شہر کی کس کس سڑک پر ٹریفک جام ہے یا ہونے کا امکان ہے اور جلد از جلد گھر پہنچنے کے لیے بہترین متبادل راستہ کون سا ہوسکتا ہے۔ اس ایپ کا لنک http://wi.cr/O6uQZfH ہے۔

گوگل سے پوچھیں ’’قبلے ‘‘ کی درست سمت: آپ کسی ایسی جگہ ہیں، جہاں نماز کے لیے قبلے کی سمت جاننا ممکن نہ ہو، تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، کیوں کہ اب گو گل بتائے گا قبلے کی سمت اور وہ بھی بالکل درست۔ بس اس کے لیے آپ کو ’’گوگل قبلہ فائنڈر‘‘ نامی ایپ اپنے موبائل فون میں انسٹال کر کے لوکیشن کا فیچر آن کرنا ہوگا۔ یہ ایپ، آپ کے موبائل فون کے کمپاس اور کیمرے کو خانہ کعبہ کی درست سمت جاننے کے لیے استعمال کرکے اور آپ کی موجودہ لوکیشن کو مدّنظر رکھ کر بتائے گی کہ نماز کس جانب منہ کر کے پڑھی جاسکتی ہے ۔ g.co/QiblaFinderپر جائیں اور کیمرے کو یہاں وہاں گھمائیں ،جب تک کہ خانہ کعبہ کا سمبل خلا میں تیرتا نظر نہیں آتا۔ گوگل انتظامیہ کے مطابق، انٹرنیٹ پر قبلے کی سمت معلوم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر سرچنگ کی جاتی ہے اور اکثر افراد اس مقصد کے لیے قطب نُما ایپ بھی سرچ کرتے ہیں۔ جن میں سے بہت ہی کم ایپس اس قابل ہوتی ہیں کہ قبلے کی درست نشان دہی کرسکیں ۔ اپنے صارفین کی اسی ضرورت اور پریشانی کو محسوس کرتے ہوئے گوگل نے یہ ایپ متعارف کروائی ہے۔

دَورانِ نماز، موبائل خود ہی خاموش ہوجائے؟ آج کی بھاگتی دَوڑتی زندگی میں موبائل فون کے بغیر زندگی کا تصوّر محال ہے، اسی لیے موبائل فون ہر وقت کا ساتھی بن چکا ہے، یہاں تک کہ مسجد میں بھی۔ اگر نماز کی ادائی کے دَوران آپ کا موبائل بج اٹھے، تو نہ صرف آپ کی بلکہ دوسروں کی عبادت میں بھی خلل کا باعث بنتا ہے، جب کہ شرمندگی الگ سے ہوتی ہے۔ عام طور پر لوگ نماز پڑھتے ہوئے اپنے موبائل فون بند کردیتے ہیں یا پھر اُنھیں سائلنٹ کر دیتے ہیں، لیکن کبھی کبھار یہ احتیاطی تدبیر اختیار کرنا بھول بھی جاتے ہیں۔ اگر آپ بھی ان لوگوں میں شامل ہیں، جو نماز کے دَوران موبائل فون سائیلنٹ یا بند کرنا بھول جانے کی وجہ سے پریشان رہتے ہیں، تو پھر آپ کے لیے خوش خبری یہ ہے کہ اب موبائل فون دورانِ نماز خود بہ خود سائلنٹ موڈ پر چلا جائے گا، بس اس کے لیے آپ کو اپنے اینڈرائیڈ موبائل فون پر’’ صلاتی‘‘ (Salati)کو ڈاؤن لوڈ کرنا ہو گا۔اس ایپ کا مختصر لنک http://wi.cr/UKZHwxہے۔

صرف حلال ہی کھائیں: مغربی مُمالک میں رہنے والے مسلمانوں کے لیے حلال کھانوں کے لیے حلال ریسٹورنٹس اور حلال دُکانوں کی تلاش ایک بڑا مسئلہ ہے۔ گزشتہ رمضان میں معروف پاکستانی گلوکار، عاطف اسلم کو بھی اس حوالے سے خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ عاطف اسلم نے سوئٹزرلینڈ کے شہر، زیورخ میں سحری کے لیے حلال کھانے کی تلاش کی ویڈیو بنا کر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کردی تھی، جس میں وہ انتہائی پریشانی کے عالم میں صبح کے تین بجے تیز بارش کے دَوران زیورخ کی سنسان سڑکوں پر حلال کھانے کی تلاش میں سرگرداں دِکھائی دیے، گو کہ اُنہیں تلاشِ بسیار کے بعد سحری ختم ہونے سے کچھ لمحے پہلے ایک حلال ریسٹورنٹ مل ہی گیا تھا، مگر تلاش کا یہ سفر کتنا کٹھن تھا، اس کا اندازہ لگانا آسان نہیں، لیکن ہمیں اُمید ہے اس ماہِ رمضان آپ یا آپ کے کسی بھی عزیز کو ایسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، کیوں کہ ہم آپ کو ’’ذبیحہ ‘‘نامی ایک انتہائی کارآمد موبائل ایپ سے متعارف کروارہے ہیں۔ آپ اس ایپ سے چند سیکنڈز میں اپنے قریب ترین حلال ریسٹورنٹس، حلال ہوٹل، حلال مارکیٹس اور حلال مرچنٹس کے بارے میں جان سکتے ہیں۔ اس منفرد موبائل ایپ کو اپنے اسمارٹ فون کا حصّہ بنانے کے لیے Zabihahلکھ کر گوگل پلے میں سرچ کریں یاپھر ttp://wi.cr/jTXtV سے ڈاؤن لوڈ کرلیں۔

مسنون دُعائیں: اسلام میں دُعا مانگنا عبادت میں شامل ہے اور اسے عبادت کا مغز بھی قرار دیا گیا ہے۔ کتبِ احادیث میں سیکڑوں دُعائیں درج ہیں، جن کے ذریعے دین و دنیا کی بھلائیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔ رمضان شریف میں ہر شخص کی کوشش ہوتی ہے کہ اس کے لبوں پر ہر وقت کوئی نہ کوئی مسنون دُعا ضرور رہے۔ سو، دُعا مانگنے کے عمل کو سہل بنانے کے لیے ایک بار آپ اپنے اسمارٹ فون میں’’مسلم دُعا‘‘ نامی ایپ کو انسٹال کر کے ضرور ملاحظہ فرمائیں۔ اس ایپ میں سیکڑوں مسنون دُعائیں، اٹھارہ مختلف عنوانات کے تحت جمع کردی گئی ہیں، جن میں آپ اپنی مطلوبہ دُعا سیکنڈز میں تلاش کرسکتے ہیں۔ اس ایپ کا مختصر لنک http://wi.cr/wUIxMہے۔

نماز کا انسائیکلوپیڈیا: نماز دین کا ستون اور مومن کی معراج ہے، اس لیے ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ نماز کا طریقہ سیکھے اور سنّتِ مطہرہ کے مطابق نمازیں ادا کرے۔ نمازکی ادائی اور اس کے دیگر لوازمات کے بارے میں جاننے کے لیے’’نماز اُردو ‘‘یقینًا ایک بہترین موبائل ایپ قرار دی جاسکتی ہے۔ اس ایپ میں عربی عبارات آواز کے ساتھ شامل ہیں۔ یہ ایپ، نماز کی درست ادائی کے طریقۂ کار کو بہترین انداز سے بیان کرتی ہے۔

ایپ کے مندرجات کی تدوین و ترتیب کے تمام تر انتظامات، حافظ عبدالباسط اور قاری محمّد طاہربشیر نے کیے ہیں۔ اس ایپ کی دیگر زبردست خصوصیات میں، نماز کے ہر رُکن کی ادائی تصاویر کی مدد سے جاننا، ہر رُکن کی ادائی کامل تفصیل کے ساتھ ہونا، آسان اور دیکھنے میں آرام دہ انٹرفیس، نماز ادا کرتے ہوئے ہر رُکن کی واضح تصویر اور اسے دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے کی سہولت وغیرہ قابلِ ذکر ہیں۔ ایپ کا مختصر لنک http://wi.cr/Hp6PNn ہے۔

رمضان فٹنس چیلنج ایپ: روزے کے ساتھ ورزش کیسے کی جائے؟ ماہِ رمضان میں اکثر اس طرح کے سوالات سُننے کو ملتے ہیں۔ خالی پیٹ اور بغیر پانی، پھر نیند کی کمی کی حالت میں جِم جانا کوئی آسان نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ زیادہ تر روزے دار رمضان میں ورزش تَرک کر دیتے ہیں۔ مگر اس کے باوجود، مَردوں کو یہ خوف لاحق رہتا ہے کہ کہیں رمضان میں اُن کا وزن بہت زیادہ گھٹ نہ جائے، جب کہ عورتوں کو زیادہ کھانے یا چٹ پٹی اشیاء کی وجہ سے وزن کے بڑھنے کا اندیشہ دامن گیر رہتا ہے اور وہ اسی سوچ بچار میں رہتی ہیں کہ روزے کی حالت میں اپنا وزن کم کرنے کی کوشش کریں یا نہیں۔ فٹنس کے حوالے سے ایسے اور بھی بے شمار سوالات اور اشکالات آپ کے ذہن میں پیدا ہوسکتے ہیں، مگر ہمارے پاس ان سب کا شافی حل موجود ہے اور وہ’’ رمضان فٹنس چیلنج ‘‘موبائل ایپ ہے۔ اسے اپنے موبائل فون میں شامل کرنے کے لیے http://wi.cr/eHEel سے ڈاؤن لوڈ کرلیں۔

قرآن مجیدکی تلاوت کےلیے منفرد موبائل ایپ: قرآن مجید کی تلاوت کرنے اور سُننے کے لیے جتنی بھی ایپلی کیشنز موجود ہیں، اُن میں سے اکثر میں عربی رسم الخط کا استعمال کیا جاتا ہے، جسے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کے لیے مشکل خیال کیا جاتا ہے، لیکن اس خُوب صورت موبائل ایپ میں قرآن مجید کے لیے ہمارے ہاں معروف رسم الخط ہی کو استعمال کیا گیا ہے، جس کے باعث یہ ایپلی کیشن اس خطّے کے مسلمانوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں، جب کہ اس ایپ میں قرآن مجید کا اُردو ترجمہ بھی شامل ہے۔ اس ایپ کا مختصر لنک http://wi.cr/HrP37frہے۔

اسمارٹ فون بنائیں، سہولتوں کی’’اسمارٹ زنبیل‘‘: گوگل پلے اسٹور اور iOS ایپ اسٹور کی سب سے مشہور اسلامک موبائل ایپ کا اعزاز گزشتہ کئی برسوں سے مسلم پرو (MuslimPro)کے پاس ہے ۔اس ایپ کی مقبولیت کا اندازہ صرف اس ایک بات سے لگایا جاسکتاہے کہ اب تک اس کو 45 ملین سے زاید بار ڈاؤن لوڈ کیا جاچکا ہے، جب کہ اسے انسٹال کرنے والے صارفین میں سے نصف روزانہ اسے استعمال بھی کرتے ہیں۔ دراصل، ’’ مسلم پرو‘‘ کی مقبولیت کا راز اس میں موجود بیش بہا خصوصیات ہیں، جو مسلمانوں کے روزمرّہ کے کاموں کو آسان بناتی ہیں، جیسے31مختلف زبانوں میں ترجمۂ قرآن، اسلامی ہجری کیلنڈر مع اسلامی تہوار، تسبیح کاؤنٹر ،اللہ تعالی کے 99نام، زکوٰۃ کیلکولیٹر اور دنیا بھر کی مسلمان کمیونٹی سے رابطے کی سہولتیں وغیرہ۔ بلاشبہ اسے ایک بہترین اسلامی موبائل ایپ کہا جاسکتا ہے، جسے گوگل پلے میں Muslim Pro لکھ کر تلاش یا ذیل کے مختصر لنک سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتاہے۔ http://wi.cr/kwD

بشکریہ؛ روزنامہ جنگ

تحریر؛ راؤ محمد شاہد اقبال


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).