112 سال کا ہوں، آج بھی شراب اور سگریٹ پیتا ہوں، رات کی پارٹیوں میں بھی جاتا ہوں


اچھی صحت اور لمبی عمر کے لئے ضروری چیزوں میں سے کچھ اہم ترین یہ ہیں کہ انسان سگریٹ نوشی سے پرہیز کرے، شراب کو ہاتھ بھی نا لگائے اور اپنی راتیں رنگین پارٹیوں میں ضائع کرنے کی بجائے اچھی نیند کے لئے وقف کرے۔ اب آپ امریکا کے معمر ترین شخص سے سن لیجئے کہ اس نے اپنی زندگی کس طرح گزاری ہے۔ وہ عمر بھر سگریٹ نوشی کرتا رہا ہے، شراب بھی خوب پیتا رہا ہے اور رات کی پارٹیوں کا بھی بہت شوقین رہا ہے۔ اور تو اور، بڑے میاں کا کہنا ہے کہ 112 سال کی عمر میں بھی وہ یہ سب کچھ جاری رکھے ہوئے ہے۔

یو ایس اے ٹوڈے کے مطابق رچرڈ اورٹن نامی یہ شخص امریکہ کا معمر ترین شخص بھی ہے اور دوسری جنگ عظیم کے تاحال زندہ فوجیوں میں سے بھی معمر ترین فرد ہے۔ رچرڈ نے گزشتہ روز اپنی 112ویں سالگرہ منائی۔ اس کی پیدائش 1906ءمیں ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن کے نزدیک ہوئی تھی۔ دوسری جنگ عظیم میں اس نے پرل ہاربر اور اوکی ناوا میں فرائض سرانجام دئیے اور اس کا شمار ماہر نشانہ بازوں میں ہوتا تھا۔

رچرڈ کا کہنا ہے کہ وہ آج بھی روزانہ درجن بھر سگریٹ پیتا ہے۔ وہ شراب اور کولا ڈرنکس کا بھی بہت شوقین ہے۔ اس کی صبح کا آغاز کافی سے ہوتا ہے اور ایک کپ اس کے لئے کافی نہیں ہوتا۔ وہ دن کے آغاز میں ہی ایک سے زائد کپ کافی پیتا ہے اور پھر دن بھر میں بھی کئی کپ مزید پیتا ہے۔ رچرڈ کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی صحت کے تحفظ کے لئے کبھی کوئی خاص احتیاط نہیں کی بلکہ اس کا اصول یہ ہے کہ بس جیتے جاﺅ اور جو دل میں آئے کرتے جاﺅ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).