سیلفی جو دس ماہ کی بیٹی کی جان لے گئی؛ آخری سی سی ٹی وی ویڈیو


بھارتی ریاست راجستھان میں میاں بیوی کے سیلفی کے شوق نے 10 ماہ کی شیرخوار بچی کی جان لے لی۔

سیلفی کے شوق میں اب تک کئی افراد کی جان جا چکی ہے اور اس کی زد میں مرد و خواتین کے علاوہ بچے بھی آجاتے ہیں ایسا ہی ایک واقعہ بھارتی ریاست راجستھان میں پیش آیا جہاں والدین کے سیلفی کے شوق نے 10 ماہ کی شیر خوار بچی کی جان لے لی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست راجستھان میں واقع ایک تجارتی مرکز میں برقی زینے پر کھڑے جوڑے کے سیلفی کے شوق نے بچی کی جان لے لی۔ میاں بیوی زینے پر کھڑے سیلفی بنانے کی کوشش میں تھے کہ اس دوران خاتون کے ہاتھ سے بچی چھوٹ کر تیسری منزل سے زمین پر جا گری اور اس کی موت واقع ہوگئی۔

شاپنگ مال میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے نے المناک واقعے کو عکس بند کرلیا اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے انتہائی افسوس کا اظہار کیا۔

عینی شاہدین کے مطابق شوہر نے اپنی بیوی سے کہا کہ وہ سیڑھیاں چڑھتے ہوئے ایک سیلفی بنائے اور جب بیوی نے سیلفی بنانے کی کوشش کی تو وہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکی اور اس کے ہاتھ سے بچی گرنے کے بعد دیواروں سے ٹکراتی ہوئی زمین پر جاگری، بچی کے گرتے ہوئے عوام نے شور شرابا شروع کردیا تاہم عوام کے بچی تک پہنچنے سے پہلے ہی بچی دم توڑ چکی تھی۔ اہلِ خانہ کے انکار پر پولیس نے واقعے کی تحقیقات نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).