مغربی افغانستان میں طالبان کا فراہ پر مربوط حملہ، شہر کے کئی حصوں پر قبضہ


افغانستان

فراہ طالبان کے لیے ایک اہم علاقہ ہے کیونکہ اسے سمگلر افیون کی سمگلنگ کے لیے استمعال کرتے ہیں

طالبان نے مغربی افغانستان کے صوبائی دارالحکومت فراہ میں ایک مربوط حملہ کیا ہے۔

اطلاعات ہیں کہ فراہ شہر شدت پسندوں کے قبضے میں آ گیا ہے اور مقامی افراد وہاں سے فرار کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم شدت پسند انہیں ایسا کرنے نہیں دے رہے۔

حملے کے آغاز کو 15 گھنٹے سے زائد کا وقت گذر چکا ہے اور علاقے سے شدید لڑائی کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ طالبان نے افغان انٹیلیجنس کے صوبائی دفتر پر قبضہ کر لیا ہے۔

ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ پولیس کے سربراہ کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

اسی بارے میں

’طالبان افغانستان کے 70 فیصد علاقے کے لیے خطرہ‘

افغان طالبان لشکرگاہ میں داخل، کم از کم 14 ہلاک

طالبان کا فوجی اڈے پر حملہ، 26 افغان فوجی ہلاک

افغان حکام کا کہنا ہے کہ وہ حملے کو پسپا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور طالبان کے ٹھکانوں کو ہوائی جہازوں سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس حملے میں نیٹو فورسز بھی افغان حکام کا ساتھ دے رہی ہیں۔

افغان وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ مدد پہنچ رہی ہے تاہم صوبائی کمیٹی کے مطابق تاحال کوئی کمک نہیں پہنچی۔

مقامی گورنر کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کو بھاری جانی نقصان پہنچایا گیا ہے۔

فراہ طالبان کے لیے ایک اہم علاقہ ہے کیونکہ اسے سمگلر افیون کی سمگلنگ کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

بی بی سی کی ایک حالیہ تحقیق کے مطابق افغانستان میں امریکہ کی زیرِ قیادت اتحادی افواج نے جن طالبان کو شکست دینے کے لیے اربوں ڈالر خرچ کیے وہ اب ملک کے 70 فیصد علاقوں میں کھلے عام سرگرم ہیں۔

ملک کے طول و عرض میں کئی ماہ تک جاری رہنے والی اس تحقیق سے معلوم ہوا تھا کہ کیسے سنہ 2014 میں افغانستان سے غیر ملکی فوج کے انخلا کے بعد علاقوں پر طالبان کا اثرونفوذ بڑھا یا ان علاقوں کو ان سے خطرہ لاحق ہوا۔

تاہم افغان حکومت نے اس رپورٹ کو کم اہم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ زیادہ تر علاقے پر اس کا کنٹرول ہے۔ تاہم حالیہ کچھ عرصے میں کابل اور دیگر علاقوں میں ہونے والے حملوں میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے ہیں اور ان حملوں کی ذمہ داری طالبان اور دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں نے قبول کی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp