رات کو موبائل فون استعمال کرنے کے وہ نقصانات جو ہم نہیں جانتے تھے


آج کل کی نسل موبائل فون کی اس قدر عادی ہے کہ رات گئے تک اس میں گھسی رہتی ہے لیکن یہ فون ان کی نیند اور دماغ پر کس طرح اثرانداز ہو رہے ہیں، اس حوالے سے برطانوی سائنسدانوں نے اب ایسا انکشاف کر دیا ہے کہ سن کر رات کو کوئی شخص فون کو ہاتھ بھی نہیں لگائے گا۔ میل آن لائن کے مطابق یونیورسٹی آف گلاسگو کے سائنسدانوں نے 91ہزار افراد پر کی گئی تحقیق کے نتائج میں بتایا ہے کہ اگر ہم رات 10بجے کے بعد بھی فون کا استعمال کریں تو یہ ہماری نیند پر بے حد منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔ رات کے وقت فون کا استعمال دماغ کو غلط سگنلز بھیجتا ہے اور اسے باور کرادیتا ہے کہ اس وقت دن ہے، لہٰذا دماغ دن کی طرح بیدار اور متحرک رہتا ہے جس سے نیند کا معیار متاثر ہوتا ہے۔انہوں نے لوگوں کو ہدایت کی کہ جو لوگ ڈپریشن سے نجات اور زندگی میں خوشی چاہتے ہیں وہ رات 10بجے اپنے موبائل فون بند کر دیا کریں۔

تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ پروفیسر ڈینیئل سمتھ کا کہنا تھا کہ ”ہمارے دن میں جاگنے اور رات کو سونے کا ایک چکر (Cycle) ہوتا ہے، جسے ’نارمل سرکیڈین ردھم‘ (Normal Circadian Rhythm)کہتے ہیں۔ یہ ردھم ہمارے مزاج کے بگاڑ سے براہ راست تعلق رکھتی ہے۔ رات کے وقت فون کا استعمال اس ردھم میں بگاڑ لاتا ہے جس سے انسان کو دماغی صحت کے مسائل لاحق ہو جاتے ہیں۔ ایسے لوگوں میں ڈپریشن کا مرض عام پایا جاتا ہے جو رات کے وقت فون استعمال کرتے ہیں۔ رات کو فون استعمال کرنے سے دماغی صحت پر جو منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں وہ بالآخر آدمی کی مجموعی جسمانی صحت کے بگاڑ کا بھی باعث بنتے ہیں۔“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).