کوئٹہ میں ایف سی پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ: دو دہشت گرد ہلاک


تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کوئٹہ میں چمن روڈ پر واقع ہاؤسننگ سوسائٹی میں ایف سی کی سہولت کار چوکی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ عینی شاہدین کے مطابق، حملے میں تین دھماکوں کی آواز بھی سنائی دی جس کے بعد سیکورٹی اداروں اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔ جو آخری اطلاعات تک جاری تھا۔ پولیس اور ایف سی کی بڑی تعداد علاقے میں پہنچ گئی ہے۔ پولیس اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایف سی مدد گار سینٹر پہنچ گئے۔ وزیر داخلہ بلوچستان نے اس بات کی تصدیق کی کہ دہشت گردوں نے ایف سی کے مدد گار سینٹر پر حملہ کیا تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ دھماکے خودکش ہیں۔

وزیر داخلہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ حملے میں ملوث دو دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے جبکہ سینٹر کے کمپاؤنڈ کو کلیئر کیا جا رہا ہے۔ پاک فوج کے دستے بھی چمن ہاؤسنگ اسکیم پہنچ گئے ہیں۔

خیال رہے کہ آج صبح نوشہرہ میں کچہری چوک کے قریب بھی سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملہ کیا گیا تھا جس میں 14 افراد زخمی ہوئے۔ ڈی پی او نوشہرہ ندیم بخاری کے مطابق ایک موٹر سائیکل سوار خودکش حملہ آور نے فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).