ضرورت رشتہ؛ کنئیرڈ کالج کی طالبات براہ کرم رابطے کی زحمت نہ کریں


مشرقی مائیں اپنے بیٹوں کی ناز برداری کرتے تھکتی نہیں ہیں اور خاص طور پر جب بیٹے کا رشتہ ڈھونڈنے نکلتی ہیں پھر تو گویا حواس باختہ ہی ہو جاتی ہیں۔ اب اس لاہوری ماں کو ہی دیکھ لیجئے جس نے بیٹے کے رشتے کے لئے اشتہار دیا لیکن بہو کے انتخاب کے لئے ایسی شرائط بیان کر دیں کہ سوشل میڈیا پر ایک ہنگامہ کھڑا ہو گیا۔

یہ محترمہ اشتہار میں لکھتی ہیں:

ہم اپنے بیٹے کیپٹن ایف رﺅف ایس ایس جی پاک آرمی کی شادی کے لئے موزوں لڑکی ڈھونڈ رہے ہیں۔ ایک ماں کے طور پر میں ایک موزوں لڑکی کی متلاشی ہوں جو میری بہو بن سکے۔ میری شرائط درج ذیل ہیں:

اہلیت

1۔ سنی العقیدہ

2۔ ترجیحاً ڈاکٹر ایم بی بی ایس یا بی ڈی ایس یا ایم ایس سی یا ایم اے لیکن بی اے یا ایف اے نہ ہو

3۔ ترجیحاً لاہور کی رہائشی

4 ۔ بہت بہت خوبصورت چمکدار گوری رنگت والی

نااہلیت

1۔ کنیئرڈ کالج لاہور کی سابقہ طالبات کو پہلے ہی انکار، براہ کرم رابطہ نہ کریں

2۔ علیحدہ گھر میں رہنے کی خواہشمند لڑکیاں بھی رابطہ نہ کریں

3۔ مطلقہ لڑکیاں براہ کرم رابطہ نہ کریں

4۔ شادی کے بعد ملازمت کی خواہش مند لڑکیاں بھی براہ کرم رابطہ نہ کریں

غور فرمایا آپ نے؟ ان محترمہ کو چاند جیسی بہو چاہئیے جو اعلٰی تعلیمیافتہ ہو لیکن ملازمت کی خواہشمند نا ہو۔ شایدیہ ایسی ماﺅں کے طفیل ہی ہے کہ پاکستان جیسے غریب ملک میں عوام کے ٹیکسوں سے ڈاکٹر بننے والی لڑکیوں میں سے تقریباً نصف شادی کے بعد گھروں میں بیٹھ جاتی ہیں۔ کاش ہم ان ڈاکٹر لڑکیوں کو گھروں میں بٹھانے کی بجائے ہسپتالوں میں کام کرنے دیں اور انہیں انسانی زندگیاں بچانے کا مقدس فریضہ سرانجام دینے کا موقع فراہم کریں۔

بشکریہ؛ ڈیلی پاکستان


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).