خبردار! گاڑی کا اے سی بھی آپ کو شدید ترین بیمار کر سکتا ہے


چلچلاتی دھوپ اور گرمی میں گاڑی کا ایئرکنڈیشنر کسی نعمت سے کم نہیں ہوتا لیکن اگر اس کی باقاعدگی سے صفائی نہ کی جائے تو یہی نعمت بڑی مصیبت کو دعوت دے سکتی ہے کیونکہ اس کے متعلق سائنسدانوں نے ایسا انکشاف کر دیا ہے کہ کسی نے سوچا بھی نہ تھا۔ میل آن لائن کے مطابق سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں بتایا ہے کہ ”گاڑیوں کے ایئرکنڈیشننگ یونٹس بیکٹیریا کی رہائش اور افزائش نسل کے لیے بہترین جگہ ہوتے ہیں اور اگر ان کی بروقت صفائی نہ کی جائے تو گاڑی میں بیٹھنے والے افرادکو خطرناک بیماریاں لاحق ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔“

رپورٹ کے مطابق اس تحقیق میں سائنسدانوں نے برطانیہ کے مختلف شہروں سے دو درجن سے زائد گاڑیوں کے ایئرکنڈیشننگ فلٹرز حاصل کیے اور لندن میٹروپولیٹن یونیورسٹی کی لیبارٹری میں ان کا تجزیہ کیا۔ سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ ”ان میں سے ہر ایک فلٹر پر کئی اقسام کے بیکٹیریا موجود تھے لیکن Bacillus licheniformisنامی بیکٹیریا ان تمام فلٹرز میں موجود تھا۔ یہ وہ بیکٹیریا ہے جو پرندوں اور مٹی میں پایا جاتا ہے اور جو لوگ خون کے سفید خلیوں کی بیماری لیوکیمیا (Leukaemia)میں مبتلا ہوں ان میں سیپٹیکیمیا (Septicaemia)نامی بیماری کا سبب بنتا ہے۔ تاہم صحت مند افراد کو یہ نقصان نہیں دیتا۔اس کے علاوہ ان فلٹرز میں ایسے بیکٹیریا بھی موجود تھے جو فوڈ پوائزننگ سمیت دیگر کئی انفیکشنز اور بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر پاﺅل میٹویل کا کہنا تھا کہ ” گاڑیوں کے ایئرکنڈیشننگ یونٹس میں اس قدر بیکٹیریا پائے جانے کی وجہ یہ ہے کہ لوگ ان کی صفائی اور ان کے فلٹرز تبدیل کرانے پر زیادہ توجہ نہیں دیتے۔ اگر لوگوں کو بتا دیا جائے کہ یہ ایئرکنڈیشنرٹھنڈی ہوا کے ساتھ ان پر کیا کچھ پھینک رہے ہیں تو لوگ ایئرکنڈیشنر چلانا ہی چھوڑ دیں گے۔“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).