قبل از وقت ہونے والی پیدائشوں کی اہم وجہ


قبل از وقت پیدائش بچوں میں موت کی سب سے بڑی وجہ ہے اور اب سائنسدانوں نے اس کی حیران کن وجہ بتا دی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ”جنسی عمل کے دوران خواتین کے جسم میں جو بیکٹیریا داخل ہوتے ہیں، غالب امکان ہے کہ وہی ان کے بچے کی قبل از وقت پیدائش کا سبب بنتے ہیں۔ان بیکٹیریا میں مائیکوپلازما اور یوریا پلازما سرفہرست ہیں جو لگ بھگ ہر صحت مند بالغ شخص میں پائے جاتے ہیں۔ عام حالت میں یہ انسانوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچاتے تاہم بعض مخصوص حالات میں یہ پیشاب کی نالی کی انفیکشن اور بیکٹیرئیل ویجنوسس (Bacterial Vaginosis)کا سبب بنتے ہیں اور یہی بیماریاں بچوں کی قبل از وقت پیدائش کی وجہ بنتی ہیں۔

یونیورسٹی کالج لندن اور امپیرئیل کالج لندن کی اس مشترکہ تحقیق کی سربراہ ڈاکٹر لیڈیا لیون کا کہنا تھا کہ ”ہم نے اس تحقیق میں زچگی کے عمل سے گزرنے والی متعدد خواتین کے پلیسینٹا میں موجود بہت بڑی تعداد میں پیتھوجینک بیکٹیریا کا مشاہدہ کیا ہے۔ ان میں سے جن خواتین کے پلیسینٹا میں مائیکوپلازما اور یوریا پلازما و دیگر ایسے بیکٹیریا موجود تھے ان میں بچے کی قبل از وقت پیدائش ہوئی تھی۔ جس سے ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ان بیکٹیریا کی وجہ سے لاحق ہونے والی انفیکشن اور دیگر بیماریاں ہی قبل از وقت پیدائش کا سبب بنتی ہیں۔“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).