موٹروے بنانا کونسا مشکل کام ہے اصل کامیابی تو قوم بنانا ہے


تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ  موٹروے بنانا کونسا مشکل کام ہے اصل کامیابی تو قوم بنانا ہے ہم پسماندہ طبقے کو اوپر لاکر پاکستان کو فلاحی مملکت بنائیں گے۔

نوازشریف جہاں جاتے ہیں وہاں موٹر وے بنانے کا اعلان کردیتے ہیں، چیرمین پی ٹی آئی

اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی ممکنہ حکومت کے پہلے 100 دن کا ایجنڈہ پیش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ  نوازشریف جہاں جاتے ہیں وہاں موٹر وے بنانے کا اعلان کردیتے ہیں،  کبھی نیلسن منڈیلا نے ایسی بات نہیں کی تھی لیکن نوازشریف موٹروے بنانے کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں حالانکہ موٹروے تو کسی کو بھی پیسے دے کر بنوائی جاسکتی ہےاس لیے موٹر وے نہیں قوم بنانا  مشکل کام ہے، نواز شریف کے کیوں نکالا کا مطلب یہ ہے کہ تمھاری ہمت کیسے ہوئی مجھے نکالنے کی۔

ہم سرکاری اداروں  میں میرٹ لے کرآئیں گے، عمران خان

عمران خان نے کہا کہ  جب ہماری حکومت آئی تو ازسرنو پالیسیاں ترتیب دے کر بیوروکریسی کو غیر سیاسی کریں گے ہماری ساری پالیسیاں صرف ایک چھوٹے سے طبقے کیلئے ہیں کیونکہ پسماندہ طبقے کو اوپر لاکر پاکستان کو فلاحی مملکت بنائیں گے ہم سرکاری اداروں  میں میرٹ لے کرآئیں گے، سزا اور جزا کا نظام لائیں گے۔

سمندر پار پاکستانی ہماراسب سے بڑا سرمایہ ہیں، چیئرمین تحریک انصاف

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے سی پیک ایک بہترین موقع ضرور ہے  تاہم سی  پیک سے بھی زیادہ اوور سیز پاکستانی مدد گار ثابت ہوں گے، سمندر پار پاکستانی ہماراسب سے بڑا سرمایہ ہیں جنہیں گوررننس بہتر بناکر  ملک میں سرمایہ کاری کے لیے آمادہ کیا جاسکتا ہے۔

 پنجاب حکومت نے درخت کاٹ کاٹ کر بڑے جنگلوں کو چھوٹا کردیا، عمران خان

پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے لوگوں کو شرم آنی چاہیئے جو کہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا میں  درخت نہیں لگے،تنقید کرنے والے بذات خود ان جگہوں کا دورہ کریں جہاں ہم نے درخت لگائے جب کہ پنجاب حکومت نے درخت کاٹ کاٹ کر بڑے بڑے جنگلوں کو چھوٹا کردیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).