کراچی والے گرمی سے بے حال


پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور منگل کو درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے۔

پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی یہ شدت آئندہ ہفتے بھی برقرار رہے گی اور دن کے وقت درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات اور طبی ماہرین نے گرم موسم میں ماہ رمضان کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔

کراچی میں ہیٹ سٹروک سے ہلاکتوں کے بارے میں متضاد اطلاعات ہیں۔

ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ تین دنوں میں ان کے مراکز لائے جانے والی لاشوں کی تعداد عام دنوں کی نسبت کہیں زیادہ ہےتاہم شہر کے سرکاری ہسپتالوں نے ہیٹ سٹروک سے کسی شخص کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی ہے۔

گرمی

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کراچی کے میئر وسیم اختر نے شہریوں کو دن کے وقت ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کے لیے سایہ دار جگہوں پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔

اس کے علاوہ ہزاروں کی تعداد ملازمت اور دیگر امور کے سلسلے پر گھروں سے باہر رہتے ہیں اور عوامی مقامات اور گلیوں میں پانی سے خود کو تسکین پہنچاتے دکھائی دیتے ہیں۔

خیال رہے کہ تقریبا ڈیڑھ کروڑ آبادی والی شہر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے جبکہ ماہرین کے مطابق درختوں کی کٹائی سے بھی درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے۔

دوسری جانب بے گھر افراد اور محنت مزدوری کرنے والا طبقہ گرم موسم سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جنھیں سایہ دار جگہیں اور پینے کی صاف پانی کی سہولت کے فقدان کا سامنا بھی ہے۔

خیال رہے کہ جون 2015 میں کراچی سمیت سندھ کے جنوبی علاقوں میں آنے والے گرم موسم کی لہر سے تقریباً 1200 افراد کی ہلاکت ہوئی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp