شمالی کوریا ٹرمپ کے ساتھ کے ملاقات کو مذاق نہ سمجھے : مائیک پینس


پینس

امریکی نائب صدر مائیک پینس نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اگلے ماہ صدر ٹرمپ سے ہونے والی ملاقات کو سنجیدگی سے لیں وگرنہ صدر ٹرمپ میٹنگ سے واک آؤٹ بھی کر سکتے ہیں۔

امریکی ٹی وی چینل فوکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں امریکی نائب صدر نے کہا کہ اگر شمالی کوریا کے رہنما نے اس ملاقات کو مذاق سمجھا تو یہ ان کی بہت بڑی غلطی ہو گی۔

شمالی کوریا پر ’لیبیا ماڈل‘ لاگو نہیں کیا جائے گا: ٹرمپ

’امریکہ اب بھی شمالی کوریا ملاقات کے لیے پرامید‘

وہ پُل جس پر قدم رکھ دیا تو غدار قرار دیے جاؤ گے

انھوں نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ صدر ٹرمپ 12 جون کو ہونے والی ملاقات سے واک آؤٹ بھی کر سکتے ہیں۔

’میرا نہیں خیال کہ صدر ٹرمپ پبلک ریلیشنز کے بارے میں سوچ رہے ہیں، وہ امن کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔‘

امریکی نیشنل سکیورٹی کے مشیر جان بولٹن کے بیان کے بعد شمالی کوریا نے ملاقات نہ کرنے کی دھمکی دی تھی۔

جان بولٹن نے ایک بیان میں کہا تھا کہ شمالی کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لیے امریکہ ’لیبیا ماڈل‘ اپنائے گا۔

یاد رہے کہ لیبیا کے سابق رہنما معمر قذافی نے 2003 میں مغربی طاقتوں کے ساتھ معاہدہ کیا تھا کہ وہ اپنا جوہری پروگرام ختم کرتے ہیں اور اس کے بدلے میں پابندیاں اٹھائی جائیں۔

اس معاہدے کے آٹھ سال بعد معمر قذافی کو مغربی ممالک کے حمایت یافتہ باغیوں نے قتل کر دیا تھا۔

ٹرمپ

جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان واشنگٹن میں صدر ٹرمپ سے ملاقات میں 12 جون کے اجلاس کے بارے میں بات چیت کریں گے

شمالی کوریا کو امریکہ اور جونبی کوریا کی فوجی مشقیں پر بھی سخت اعتراض ہے اور اسی حوالے سے شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کے ساتھ بات چیت ختم کر دی ہے۔

دوسری جانب جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان واشنگٹن میں صدر ٹرمپ سے ملاقات میں 12 جون کے اجلاس کے بارے میں بات چیت کریں گے۔

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے اتوار کو ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکی صدر اپنے رفقا اور مشیران سے صلاح لے رہے ہیں کہ کیا ان کو اس ملاقات کو منسوخ کر دینا چاہیے۔

دوسری جانب شمالی کوریا میں جوہری تجربوں کی سائٹ کو تباہ کرنے کی تقریب کے لیے برطانیہ، امریکہ، روس اور چین سے صحافی شمالی کوریا پہنچ گئے ہیں۔

اس تقریب کی تاریخ اور وقت کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32556 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp