نگراں وزیراعظم کے نام پر اتفاق نہ ہو سکا


وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات میں نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق رائے نہ ہو سکا۔  وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ہوئی، جس کے دوران نگراں وزیراعظم کے ناموں پر غور کیا گیا، تاہم یہ ملاقات بے نتیجہ ختم ہوگئی۔ ملاقات کے بعد خورشید شاہ وزیراعظم ہاؤس سے روانہ ہوگئے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم کے نام کے انتخاب کے لیے کل یا پرسوں وزیراعظم سے دوبارہ ملاقات ہو گی۔ ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعظم کے لیے حکومت کے تجویز کردہ 3 ناموں میں جسٹس (ر) ناصر الملک، جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی اور ڈاکٹر شمشاد اختر شامل ہیں۔  پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی طرف سے ذکاء اشرف اور جلیل عباس جیلانی کے نام سامنے آئے، تاہم تحریک انصاف نے ذکاء اشرف کا نام مسترد کردیا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بھی جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی کا نام تجویز کیا ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے اسٹیٹ بینک کے سابق گورنر ڈاکٹر عشرت حسین اور معروف صنعت کار عبدالرزاق داؤد کے نام بھی سامنے آچکے ہیں۔

امریکا میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نگراں وزیر اعظم کی دوڑ سے باہر ہو گئیں اور حکومت اور اپوزیشن کے تجویز کردہ ناموں میں ان کا نام شامل نہیں ہے۔

اس سے قبل 18 مئی کو بھی وزیراعظم کے چیمبر میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کی گئی تھی، جس کے بعد خورشید شاہ نے بتایا تھا کہ منگل (22 مئی) کو ایک اور ملاقات کے بعد نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کر دیا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).