پشاور کی میٹرو بس منصوبے سے تحریک انصاف کو انتخابات میں فائدہ ہو گیا یا نقصان


پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے سب سے بڑے پبلک ٹرانسپورٹ منصوبے پشاور بس رپیڈ ٹرانزٹ یا بی آر ٹی کے ڈیزائن میں بار بار تبدیلیوں کی وجہ سے اب اس منصوبہ کا تحریک انصاف کی حکومت میں مکمل ہونے کے امکانات معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔

تاہم سوال یہ ہے کہ کیا اس تاخیر کی وجہ سے سیاسی طورپر آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کو کوئی نقصان پہنچ سکتا ہے یا وہ اس منصوبے کو بطور ’انتخابی نعرہ‘ استعمال کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے؟

تقریباً 50 ارب روپے کی خطیر رقم سے تعمیر ہونے والی پشاور بس رپیڈ ٹرانزٹ منصوبے کو گذشتہ سال اکتوبر کے مہینے میں شروع کیا گیا جبکہ منصوبے کے افتتاح کے روز ہی وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی طرف نے چند مہینے میں پورا کرنے کا دعویٰ کیا۔

تاہم ابتدا میں اس منصوبے پر نہایت تیز رفتاری سے کام کیا گیا لیکن اس کی ڈائزیننگ میں باربار تبدیلیوں کی وجہ سے یہ پراجیکٹ اب مسلسل تاخیر کا شکار ہوتا جارہا ہے۔

بی آر ٹی

تقریباً 26 کلومیٹر پر مشتمل اس منصوبے پر ابتدائی طورپر 50 ارب روپے کے خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا

ادھر تازہ اطلاعات کے مطابق اس منصوبے کا افتتاح اب دو جولائی کو کیے جانے کا امکان ہے جب صوبے میں عملاً نگران حکومت قائم ہوگی۔ یہ دوسری مرتبہ ہے کہ منصوبے کے افتتاح کی تاریخ تبدیل ہوئی ہے۔ موجود تحریک انصاف کی حکومت کی مدت 28 مئی کو ختم ہورہی ہے۔

تقریباً 26 کلومیٹر پر مشتمل اس منصوبے پر ابتدائی طور پر 50 ارب روپے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا لیکن اب یہ لاگت مجموعی طورپر تقریباً 70 ارب روپے تک بڑھنے کا امکان ہے۔

پشاور کے سینئیر صحافی اور مصنف عقیل یوسفزئی کا کہنا ہے کہ موجود تحریک انصاف کی حکومت نے اول تو اس منصوبے کو انتہائی تاخیر سے شروع کیا جس کا مقصد یہ تھا کہ انتخابات سے قبل اسے مکمل کر کے اس سے سیاسی فائدہ حاصل کیا جاسکے لیکن اب لگتا ہے کہ اس سے ان کو فائدے کی بجائے نقصان کا خدشہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’اگر پی ٹی آئی خود اپنی حکومت میں اسے مکمل کرلیتی تو شاید اس سے کوئی سیاسی فائدہ ہوتا لیکن اب تو اس کے تکمیل میں کافی تاخیر ہو چکی ہے لہذا یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ یہ کب مکمل ہوگا۔‘

ان کے مطابق اب تو یہ لوگ یہ سوالات بھی اٹھائے رہے ہیں کہ کیا واقعی شہر میں ایسی کسی منصوبے کی ضرورت تھی بھی کہ نہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کے سیاسی مخالفین الیکشن مہم میں اس ایشو کو بھر پور انداز میں اٹھائیں گے اور ان کی کوشش ہو گی کہ اس کے ذریعے سے پی ٹی آئی کی سیاسی ساکھ کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچایا جاسکے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک بھی اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ بی آر ٹی کی ڈائزنینگ میں مسلسل تبدیلیوں کی وجہ سے یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا۔

بی آر ٹی

شوکت علی یوسفزئی نے اس بات کا اعتراف کیا کہ اس منصوبے کی تکمیل میں دو ماہ کی تاخیر ہوئی

ادھر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ترجمان اور پی ٹی آئی کے صوبائی رہنما شوکت علی یوسفزئی کا کہنا ہے کہ بی آر ٹی منصوبے کی سروے سے لے کر تعمیراتی کام تک اور رقم کی فراہمی وغیرہ یہ سب ذمہ داری ایشیائی ترقیاتی بنک کی ہے جس میں صوبائی حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ڈایزائن کی تبدیلی بھی ایشیائی ترقیائی بینک کے کہنے پر کی گئی ہے لہذا اس بات میں کوئی حقیقت نہیں کہ یہ تبدیلیاں صوبائی حکومت کی خواہش پر کی گئی ہیں۔

شوکت علی یوسفزئی نے اس بات کا اعتراف کیا کہ اس منصوبے کی تکمیل میں دو ماہ کی تاخیر ضرور ہوئی لیکن اس کے باوجود یہ لاہور اور دبئی کے میٹروز کے مقابلے میں تیزی سے تعمیر ہوا ہے۔

ترجمان نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ یہ منصوبہ اس وجہ سے حکومت کے خاتمے کے آخری سال شروع کیا گیا تاکہ آنے والے انتخابات میں اس کا بھر پور فائدہ اٹھایا جاسکے۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اسلام آباد میں دھرنوں کے دوران پنجاب میں تعمیر ہونے والی میٹرو بس سروس کو جنگلا بس کے نام سے یاد کرتے رہے ہیں۔

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32499 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp