لارڈز ٹیسٹ: انگلینڈ کا پہلے بلے بازی کا فیصلہ


کرکٹ

محمد عباس نے مارک سٹون مین کو بولڈ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دو کرکٹ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ لارڈز میں کھیلا جار ہا ہے جس میں انگلش کپتان جو روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

انگلینڈ‌ کی جانب سے اس وقت الیسٹر کک اورجو روٹ کریز پر موجود ہیں اور اب سے کچھ دیر پہلے تک اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر 21 رنز بنائے تھے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

انگلینڈ‌ کی جانب سے الیسٹر کک اور مارک سٹون مین نے اننگز کا آغاز کیا تھا لیکن پاکستان کو پہلی کامیابی جلد ہی مل گئی جب محمد عباس نے مارک سٹون مین کو 12 کے مجموعی سکور پر بولڈ کر دیا۔ وہ صرف چار رنز بنا سکے۔

اس سے قبل ٹاس کے وقت انگلینڈ کے کپتان جو روٹ کا کہنا تھا کہ پچ کے حالات بولنگ کے لیے سازگار ہیں لیکن یہ وقت گزرنے کے ساتھ خشک ہو جائے گی۔

انگلینڈ‌ کی جانب سے 20 سالہ آف سپنر ڈوم بیس اپنا پہلا بین الاقوامی ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں جنھیں کرس ووکس کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان چار فاسٹ بولروں کے ساتھ میدان میں اترا ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم: الیسٹر کک، کو روٹ، ڈیوڈ ملان، جونی بیئرسٹو، بین سٹوکس، جوس بٹلر، مارک ووڈ، ڈوم بیس، سٹوارٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن۔

پاکستان کی ٹیم: اظہر علی، امام الحق، حارث سہیل، اسد شفیق، بابر اعظم، سرفراز احمد، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، حسن علی اور محمد عباس۔

پاکستان اور انگلینڈ‌ کے مابین اب تک 81 ٹیسٹ میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں 24 انگلینڈ نے اور 20 پاکستان نے جیتے ہیں جبکہ بقیہ 37 میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp