پاکستانی شائقین اے بی ڈی ویلیئرز کو کیوں یاد کریں گے؟


کرکٹ

اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنے ٹیسٹ کریئر کا بہترین انفرادی سکور278 رنز ناٹ آؤٹ پاکستان کے خلاف ابوظہبی میں بنایا تھا

جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا، لیکن وہ کون کون سی باتیں ہیں جن کی وجہ سے انھیں پاکستانی شائقین یاد رکھیں گے؟

ان کا بین الاقوامی کریئر 13 سال سے زائد عرصے پر محیط رہا اس دوران انھوں نے مجموعی طور پر 20014رنز بنائے جس میں 47 سنچریاں اور 99 نصف سنچریاں شامل تھیں۔

اے بی ڈی ویلیئرز اپنی جارحانہ بیٹنگ کے سبب اس دور کے سب سے منفرد بیٹسمین سمجھے جاتے ہیں جنھیں ہر فارمیٹ کو اس کے اپنے انداز سے پرکھتے ہوئے بیٹنگ کرنے میں ملکہ حاصل تھا۔

سچن تندولکر اور برائن لارا کے بعد اگر اس دور میں کوئی مکمل بیٹسمین کے درجے پر نظر آتا ہے تو وہ اے بی ڈی ویلیئرز ہی ہیں۔

اے بی ڈی ویلیئرز دنیا بھر کے شائقین کو بہترین تفریح فراہم کرنے والے بیٹسمین کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے، لیکن پاکستانی کرکٹرز اور شائقین انھیں چند اہم باتوں کی وجہ سے کبھی نہیں بھول پائیں گے۔

کرکٹ

پاکستان کے خلاف بہترین انفرادی سکور

اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنے ٹیسٹ کریئر کا بہترین انفرادی سکور278 ناٹ آؤٹ پاکستان کے خلاف ابوظہبی میں بنایا تھا۔

اس ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق تھے جنھیں اے بی ڈی ویلیئرز کی وہ اننگز آج بھی یاد ہے۔

مصباح الحق انھیں ایک مافوق الفطرت بیٹسمین قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’وہ جس انداز سے ہر شاٹ کو آسانی سے کھیل لیتے تھے کوئی دوسرا اس بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔‘

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ایک ایسے دور میں جب سعید اجمل کو کھیلنا کسی بھی بیٹسمین کے لیے آسان نہ تھا، اے بی ڈی ویلیئرز نے ان کے خلاف بڑے اعتماد اور جارحانہ انداز سے بیٹنگ کی تھی۔

پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ رنز

اے بی ڈی ویلئرز نے ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی پاکستان کے خلاف ہمیشہ قابل ذکر کارکردگی دکھائی ہے۔ ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کے کسی بھی ملک کے خلاف سب سے زیادہ 1423 رنز پاکستان کے خلاف ہیں۔

کرکٹ

عماد وسیم کا اعزاز

اے بی ڈی ویلیئرز اپنے ون ڈے کیرئر میں سات مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں، لیکن ان کا آخری صفر اس اعتبار سے اہم ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے خلاف انھیں پہلی ہی گیند پر عماد وسیم نے آؤٹ کیا تھا۔

تیز ترین نصف 50، تیز ترین 100، تیز ترین 150

ون ڈے انٹرنیشنل کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بھی شاہد آفریدی سے ہوتا ہوا اے بی ڈی ویلیئرز پر آ کر ٹھہرا۔

آفریدی کی 37 گیندوں پر تیز ترین سنچری کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے کوری اینڈرسن نے 36 گیندوں پر توڑا، لیکن اے بی ڈی ویلیئرز نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل کی تیز ترین نصف سنچری صرف 16 گیندوں پر مکمل کرنے کے بعد سنچری محض 31گیندوں پر مکمل کرڈالی تھی۔

اے بی نے اسی پر اکتفا نہیں کی بلکہ ایک روزہ میچوں کے تیز ترین 150 رنز کا بھی ریکارڈ بھی انھی کے نام ہے۔ انھوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف صرف 64 گیندوں پر یہ کارنامہ سر انجام دیا۔

۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp