فاٹا اور پاٹا کے صوبوں میں شامل ہونے سے کیا تبدیل ہو گا؟


پاکستان کی قومی اسمبلی میں وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں یعنی فاٹا کے صوبہ خیبر پختونخوا جبکہ صوبوں کے زیر انتظام علاقوں یعنی پاٹا کو بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں شامل کرنے کے لیے آئینی ترمیم کی منظور ہو جانے کے بعد بھی کئی مرحلے باقی ہیں۔

صوبائی اسمبلی سے منظوری:

آئین کے آرٹیکل کے 239 تحت صدرِ مملکت صوبوں کی حدود سے متعلق کسی ایسے بل پر دستخط اس وقت تک نہیں کر سکتے جب تک یہ متعلقہ صوبائی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت کے ساتھ منظور نہ ہو جائے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر قیصر اسد نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام پارٹیوں سے رابطے میں ہیں اور یہ بِل آسانی سے صوبائی اسمبلی سے پاس ہو جائے گا۔ ان کے مطابق جمیعت علمائے اسلام (ف) کو فاٹا کے انضمام پر تحفظات ہیں، ‘خیبر پختونخوا اسمبلی اس سے پہلے تین قراردادیں منظور کر چکی ہے اور یہ ہماری حکومت کا دیرینہ مطالبہ تھا، جو آج پورا ہوا ہے، یہ پارلیمان سے پاس ہونے کے بعد صوبائی اسمبلی سے بھی فوری طور پر پاس کر دیا جائے گا۔ ‘

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو خیبرپختونخوا میں اکثریت حاصل ہے جبکہ دیگر کئی جماعتیں بھی اتحاد میں شامل ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی بھی اس انضمام کے حق میں ووٹ دے رہی ہے۔

فاٹا

فاٹا اور پاٹا کئی برس سے کشیدہ صورتحال کا شکار ہوئے اور یہاں فوجی آپریشنز کی وجہ سے لاکھوں مکینوں کو نقل مکانی بھی کرنا پڑی

انضمام کی منظوری کے بعد:

  • فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد اکتوبر میں بلدیاتی انتخابات منعقد کروائے جائیں گے۔ جس میں فاٹا کے عوام پہلی بار مقامی سطح پر اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔ سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے مطابق انضمام کے ایک سال کے اندر صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے بھی الیکشن ہو گا، ان کے مطابق اس کے لیے اپریل 2019 کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔
  • آئندہ پانچ سال فاٹا کی قومی اسمبلی میں 12 نشستیں ہوں گی جبکہ آئندہ پانچ سال سینیٹ میں آٹھ مختص نشتیں برقرار رہیں گی۔
  • صوبائی حکومت کی عملداری سے صدر اورگورنر کے خصوصی اختیارات ختم ہوجائیں گے۔
  • فی الحال 2018 کے عام انتخابات میں 55 صوبائی نشستوں پر الیکشن ہو گا۔
  • فاٹا کو این ایف سی ایوارڈ کے لیے100 ارب روپے اضافی ملیں گے۔
  • فاٹا کے لیے آئندہ 10 سال کےلیے 1000 ارب ترقیاتی فنڈ کی مد میں دیےجائیں گے۔
  • فاٹا کو دیے گئے ترقیاتی فنڈز کسی اور علاقے میں استعمال نہیں ہوسکیں گے۔

فاٹا ان ٹیرم گورننس ریگولیشن 2018

فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے بعد انتظامی امور کے لیے ایک عبوری ریگولیشن نافذ کیا گیا ہے، جسے فاٹا ان ٹیرم گورننس ریگولیشن 2018 کا نام دیا گیا ہے۔ یہ عارضی طور پر فاٹا کے مکمل انضمام تک نافذ العمل رہے گا۔ جبکہ ایف سی آر کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔

اس کے مطابق:

  • فاٹا کی تمام ایجنسیاں اب قبائلی ڈسٹرکٹ جبکہ موجودہ تحصیلیں اور فرنٹیئر ریجننز کو ذیلی ڈسٹرکٹ کا درجہ حاصل ہو گا۔
  • فاٹا میں شامل ان علاقوں کے پولیٹیکل ایجنٹس اب ڈپٹی کمشنرز ہوں گے۔
  • اسسٹنٹ کمشنز کے پاس مجسٹریٹ کے اختیارات ہوں گے۔
  • کسی سِول کورٹ میں قبائلی علاقہ جات میں ہونے والے کسی عمل کو چیلنج نہیں کیا جا سکے گا۔
  • سپریم کورٹ رجسٹری اور پشاور ہائی کورٹ کا دائرہ کار فاٹا تک بڑھایا جائے گا۔
  • کسی قسم کی جارحیت یا ریاست کے خلاف کسی سرگرمی میں ملوث کسی بھی شخص یا گروہ کی گرفتاری، حراست میں رکھنے کے حکم سمیت اس پر پاکستان کے بندوبستی ادارے میں آنے پر پابندی لگانے کا اختیار ڈپٹی کمشنر کے پاس ہو گا۔
  • سرحدی دیہاتوں کے دفاع کے لیے شہریوں کے پاس رائفل اور دیگر اسلحہ رکھنے سے متعلق قواعد وضع کرنے کا اختیار گورنر کے پاس ہوگا۔
  • گورنر کے پاس پہلے، تیسرے اور چوتھے شیڈول میں ترمیم کا اختیار بھی ہوگا۔
فاٹا بل

فاٹا کے انضمام میں تاخیر کے باعث وہاں کے مکینوں نے متعدد بار احتجاج بھی کیا

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp