ہندو لڑکی کے ساتھ مندر میں پکڑے گئے مسلم نوجوان کی جان بچانے کیلئے سکھ پولیس افسر مشتعل ہندوؤں کے سامنے ڈٹ گیا


بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ایک سکھ پولیس افسر نے ایک مسلم لڑکے کی جان بچانے کے لئے مشتعل ہجوم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ سوشل میڈیا پر لوگ اس سکھ پولیس افسر کی تعریف کرتے نہیں تھک رہے۔

ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ 22 مئی 2018 کو رام نگر کے گرجا مندر کے پاس ملنے آئے ایک ہندو مسلم جوڑے کو بھیڑ نے گھیر لیا اور مسلم لڑکے کے ساتھ دنگا فساد شروع کردی۔ اس معاملے پر جیسے ہی وہاں موجود انسپکٹر گگن دیپ کی نظر پڑی، وہ لڑکے کو بچانے کے لئے سامنے آگئے۔ بھیڑ نے ان پر حملہ کرنے کی کوشش کی، لیکن گگن دیپ لڑکے کو بچانے میں کامیاب ہوگئے۔ گگن دیپ کی بہادری کی یہ مثال کیمرے میں محفوظ ہو گئی، اور یہ ویڈیو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھیڑ نے مسلم نوجوان سے سوال کئے۔ یہاں تک کی اس کو تھپڑ بھی مارے، لیکن اس سے پہلے کوئی بڑا واقعہ پیش آتا، گگن دیپ نے لڑکے کوباہر نکال لیا۔ ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ لوگ لڑکے سے اس کا آئی ڈی کارڈ بھی مانگ رہے ہیں اور لڑکے کو بچانے کے سبب پولیس کے خلاف نعرے بھی لگا رہے ہیں۔اس جوڑے کو بچانے کے بعد گگن دیپ انہیں پولیس تھانے لے گئے اور بعد میں ان کے اہل خانہ کو سونپ دیا۔ گگن دیپ کی اس بہادری کے سبب لوگ ٹوئٹر پر ان کی خوب تعریف کررہے ہیں۔ یہاں تک کی سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس مارکنڈے کاٹجو نے بھی ٹوئٹ کرکے ان کی تعریف کی۔

بھارتی اخبارات کے مطابق جب پولیس افسر کی ہمت و بہادری کی وجہ سے مشتعل ہجوم مسلم نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے میں ناکام رہا تو اس نے پولیس کے خلاف نعرے لگانے شروع کر دیئے۔ گگن دیپ سنگھ نے بتایا کہ نوجوان کو بچانا میرا فرض تھا۔ گگن دیپ سنگھ نے کہا کہ ہجوم کو نوجوان کی مندر میں موجودگی پر اعتراض تھا، نوجوان مسلم تھا اور ایک ہندو لڑکی کے ساتھ موجود تھا، چونکہ گرجیا مندر کی جگہ خوبصورت اور دریا کنارے ہے اس لیے دونوں اس کے احاطے میں گھوم پھر رہے تھے۔ پولیس افسر نے بتایا کہ جب وہاں موجود لوگوں کو پتہ چلا کہ نوجوان مسلمان ہے تو انہوں نے اس کی مندر میں موجودگی پر اعتراض کیا اور بات بڑھتے بڑھتے نوجوان پر تشدد تک پہنچ گئی۔ گگن دیپ سنگھ نے بتایا کہ وہ اس مقام سے قریب ہی تعینات تھے اور جب وہ جائے وقوع پر پہنچے تب تک کافی لوگ جمع ہوچکے تھے اور نوجوان کو مار پیٹ رہے تھے جسے انہوں نے بچا لیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).