مودی، شاہ رخ لے لو، راشد خان دے دو: انڈین کرکٹ فین


راشد خان

انڈین پریمیئر لیگ کے فائنل سے قبل افغانستان کے سٹار بولر راشد خان انڈیا کی سوشل میڈیا پر چھائے ہوئے ہیں اور ان سے فائنل میں کولکتہ کے خلاف ان کی کارکردگی کو دہرانے کی امید کی جا رہی ہے۔

انھوں نے پلے آف میں کولکتہ کو اپنی بہترین آل راؤنڈ کارکردگی سے تقریباً تن تنھا شکست دے دی اور اسی لیے ان کی ہر طرف تعریف ہو رہی ہے۔

معروف کرکٹر سچن تنڈولکر نے انھیں ٹی 20 کا بہترین سپنر قرار دیا ہے تو بہت سے صارفین انھیں ہندوستان شہریت دیے جانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اس مطالبے میں جہاں سنجیدگی ہے وہاں مذاق کا عنصر بھی نمایاں ہے۔

راشد خان کو ہندوستان کو دے دیا جائے

بہت سے صارفین نے انڈیا کی وزیر خارجہ سشما سوراج کو ٹیگ کرتے ہوئے راشد خان کے لیے ہندوستانی شہریت کی درخواست کی۔

https://twitter.com/ashrafghani/status/100009117218495283

اس کے جواب میں سشما سوراج نے جواب دیا: میں نے سارے ٹویٹس دیکھے۔ شہریت کا معاملہ وزارت داخلہ کے ذمے ہے۔’

جبکہ کئی صارفین نے لکھا کہ انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی کے بدلے میں انھیں راشد خان دیا جائے تو بعض نے لکھا کہ بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان کے بدلے میں راشد خان انڈیا کو دے دیا جائے۔

بظاہر اس قسم کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے افغانستان کے صدر اشرف غنی نے ٹویٹ کیا: افغانستان کو اپنے ہیرو راشد خان پر ناز ہے۔ ہم اپنے ہندوستانی دوستوں کے بھی شکر گزار ہیں جنھوں نے ہمارے کھلاڑیوں کو اپنے ہنر کے مظاہرے کے لیے پلیٹ فارم دیا۔ راشد افغاستان کی بہترین چیز کی یاد دلاتے ہیں۔ وہ دنیائے کرکٹ کا اثاثہ ہیں۔ نہیں ہم انھیں نہیں دیں گے۔

راشد خان نے جمعے کو کولکتہ کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں دس گیندوں میں 34 رنز بنائے تھے۔ چار اوورز میں 19 رنز دے کر تین اہم ترین وکٹیں حاصل کی تھیں اور پھر اچھی فیلڈنگ کے ساتھ دو اہم کیچز بھی پکڑے تھے۔

راشد خان

خیال رہے کہ راشد خان ٹی 20 کی عالمی رینکنگ میں پہلے سے ہی پہلے نمبر پر ہیں لیکن آئی پی ایل میں ان کی کارکردگی نے ان کی اہمیت میں مزید اضافہ کیا ہے۔

سچن تنڈولکر نے لکھا: مجھے ہمیشہ یہ محسوس ہوا کہ راشد خان اچھے سپنر ہیں لیکن اب مجھے یہ کہنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کہ وہ اس فارمیٹ میں دنیا کے بہترین سپنر ہیں۔ اس کے ساتھ ان کے پاس بیٹنگ کا بھی ہنر ہے۔ عظیم شخص۔

جنوبی ہند کے فلم انڈسٹری کے سپر سٹار مہیش بابو نے لکھا: راشد خان کے سامنے سر تسلیم خم ہے۔ سنرائزر نےکیا میچ کھیلا۔ اتوار تک انتظار نہیں کر سکتا۔ پوری ٹیم کو مبارکباد۔

اس کے جواب میں راشد خان نے لکھا: شکریہ برادر۔ آپ کی فلمیں شوق سے دیکھتا ہوں۔’

ایک صارف ڈاکٹر گل نے لکھا: ’ایس آر ایچ: آج بھی ویسے ہی کھیل کا مظاہرہ ہوگا۔‘

راشد خان: ’ناممکن‘

ایس آر ایچ: ’کیوں؟‘

راشد خان: ’اس دن جمعہ تھا، اللہ ساتھ تھا، آج اتوار ہے۔’

انڈیا کی خاتون کرکٹر انجم چوپڑہ نے لکھا کہ کے کے آر اچھی پوزیشن میں تھی لیکن پھر راشد خان نے اپنے ہونے کا احساس دلا دیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32507 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp