فٹبالر مو صلاح کے زخمی ہونے پر ان کے مداح غصے میں کیوں؟


مو صلاح

مو صلاح میچ کے 30ویں منٹ میں گر کی زخمی ہو گئے تھے

چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں لیور پول کے سٹار فٹبالر مو صلاح کے زخمی ہونے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر مصری شہری اپنے غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔

چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں لیور پول کو ریال میڈرڈ کے ہاتھوں ایک تین سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ میچ کے 30ویں منٹ میں مو صلاح کندھے پر چوٹ لگنے کی وجہ سے گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے۔

ریال میڈرڈ کے کپتان سرجیو راموس نے فٹبال پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے مو صلاح کے بازو کو پکڑا اور اس دوران دونوں توازن برقرار قائم نہ رکھ سکے اور گراؤنڈ پر گر گئے جس میں مو صلاح کے دائیں کندھے پر چوٹ آ گئی جبکہ اس دوران راموس نے صلاح کے بازو کو چھوڑا نہیں۔

مو صلاح زخمی حالت میں گراؤنڈ سے باہر جاتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے اور اس کے ساتھ ان کے مداحوں کے دل ٹوٹ گئے اور اب وہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر مو صلاح سے اپنے پیار اور حمایت کا اظہار کر رہے ہیں۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

ریال میڈرڈ چیمپیئنز لیگ کی مسلسل تیسری بار فاتح

عربی میں متعدد ہیش ٹیگز میں مو صلاح کی حمایت کی جا رہی ہے جبکہ راموس کے خلاف غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے اور میچ کے بعد سے ہزاروں کی تعداد میں ٹوئٹس کی جا چکی ہیں۔

ٹرینڈ #Ramosthedog پر تقریباً 15 ہزار ٹوئٹس کی گئی جبکہ#Ramostheanimal پر 48 ہزار کے قریب ٹوئٹس کی گئی جس میں رائے دی گئی کہ مو صلاح کا زخمی ہونا کوئی حادثہ نہیں تھا۔

یہاں ایک صارف نے ٹویٹ کی کہ کوئی بھی کھلاڑی اس طرح کسی کا بازو جکڑ کر نیچے نہیں گرتا اور یہ جان بوجھ کر کیا گیا اور ان پر پابندی عائد کر دینی چاہیے۔

اسی طرح ایک اور صارف اسماعیل حاج عثمان نے بھی کہا کہ ایسا مقصد کے تحت کیا گیا جبکہ ایمن موہی 74 نے ٹویٹ کی کہ میں نے زندگی میں کبھی بھی مصریوں کو اتنے غصے میں نہیں دیکھا۔ او راموس تم نے یہ کیا کر دیا؟

دوسری جانب جہاں ایک طرف راموس کے بارے میں غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے تو مو صلاح کی صحت کے حوالے سے تشویش اور ان کے لیے صحت کے بارے میں دعائیں کی جا رہی ہیں۔

اس حوالے سے’ ہم سب لیورپول ہیں‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کیا جا رہا ہے۔

مصر کے وزیر کھیل نے ٹویٹ کی کہ لیورپول کے سپر سٹار صحت مند ہو کر آئندہ ماہ روس میں ہونے والے فٹبال کے عالمی کپ میں مصر کی نمائندگی کریں گے۔

مصر کے صدر بھی مو صلاح سے اظہار یکجہتی کرنے میں پیچھے نہیں رہے اور انھوں نے عربی میں ٹویٹ کی کہ’ میری نیک تمنائیں مصر کے چیمپیئن محمد صلاح کی زخمی ہونے کے بعد تیزی سے صحت یاب ہونے کے لیے۔ میں امید کرتا ہوں کہ وہ گراؤنڈ میں جلد واپس آئیں گے اور مصر کے چمکتے ستارے رہیں گے۔‘

اس کے علاوہ آئن لائن درخواست میں یورپ میں فٹبال کے نگران ادارے یوئیفا سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ راموس کو سزا دے اور اس درخواست پر اتوار تک ایک لاکھ 66 ہزار افراد دستخط کر چکے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp