پنجاب سے قومی اسمبلی کی  125 نشستیں جیتیں گے: پرویز رشید


مسلم لیگ ن کے ترجمان سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان جسے اپنی طاقت سمجھ رہے ہیں وہی ان کی کمزوری ثابت ہو گی اور آنے والے انتخابات میں الیکٹ ایبلز پر الیکٹوریٹ غالب آئے گا۔ ہمیں چھوڑ کر جانے والے کبھی عوامی عدالت میں سرخرو نہیں ہوں گے اور انہیں عوامی غیظ و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب سے قومی اسمبلی کی 125 سے زائد نشستیں جیتیں گے اور ان شا اﷲ پاکستان بھر میں مسلم لیگ ن بڑی سیاسی اور پارلیمانی قوت بن کر ابھرے گی۔ انتخابات بروقت ہوں گے ، ان کا پر امن، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد یقینی بنانے کیلئے اپنا بھرپور سیاسی کردار ادا کریں گے اور کسی کو بھاگنے نہیں دیں گے ۔

پرویز رشید گزشتہ روز ایوان اقبال میں سی پی این ای کے صدر عارف نظامی کی جانب سے دئیے جانے والے افطار ڈنر میں صحافیوں سے خصوصی بات چیت کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر اوچھے ہتھکنڈوں اور جھوٹے مقدمات کے باوجود ہمارے حوصلے بلندا ور جوان ہیں ،جمہوریت کی جنگ میں شکست اور کمزوری ہماری لغت میں شامل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پریشان تو وہ ہیں جو سمجھتے تھے کہ نواز شریف کے خلاف مقدمات انہیں سرنڈر کرنے پر مجبور کریں گے لیکن نواز شریف قومی سیاست میں اب کسی فرد کا نہیں بلکہ اس سوچ اور اپروچ کا نام ہے کہ ملک نے آگے بڑھنا ہے تو سویلین بالادستی قائم کرنا ہو گی۔ ووٹ کی بنیاد پر بننے والے ملک میں ووٹ کو عزت دینا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا اصولی مؤقف ہے کہ ملک و قوم اور جمہوریت سے پسپائی اختیار نہیں کریں گے ۔

پرویز رشید نے کہا کہ آج ملکی حالات کے ذمہ دار وہ ہیں جنہوں نے اپنے مذموم مفادات کیلئے نواز شریف کو نکالا۔ انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ تم نے تاریخ سے سبق حاصل نہیں کیا اور سسٹم کی ٹوٹ پھوٹ اور جمہوریت پر اثر انداز ہونے کیلئے پچھلی صدی کے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔ منتخب اراکین کو ڈرا دھمکا کروابستگیاں تبدیل کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے ۔ ایسا کرنے والوں کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔ پی ٹی آئی کے بارے میں انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ عمران خان کی جماعت آج موقع پرستوں اور موسمی پرندوں کی آماجگاہ بن کر جمہوریت کیلئے بدنامی کا باعث بنی ہوئی ہے اور خود ان کی جماعت کے کارکن ایک دوسرے سے پوچھتے نظر آتے ہیں کہ جماعت پر غالب اجنبی کون اور کہاں سے آئے ہیں۔ اس جماعت کا انجام انتخابات سے بہت پہلے ہی نظر آ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت عام صوبوں میں مسلم لیگ ن اپنے ٹکٹ پر امیدوار میدان میں اتارے گی۔ البتہ کچھ نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ بھی ہو گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).