خوشاب میں ۔۔۔ بے غیرتی کے نام پر قتل


 

ضلع خوشاب اپنے پانی کی وجہ سے مشہور ہوا،لیکن اب اس علاقے کا پانی خوش آب یعنی میٹھا پانی تو دور اہل علاقہ کو پانی ہی میسر نہیں ہے، پسماندہ علاقہ ہونے کے باعث یہ ضلع ہمیشہ مسائل سے ہی دوچار رہا ہے لیکن آج بات اس ضلع کے مسائل کی نہیں، قتل کی ایک گھٹیا واردات کی ہے، غیرت کے نام پر قتل ہوتے تو بہت سے نوجوان دیکھے جن میں زیادہ تعداد لڑکیوں کی تھی لیکن بے غیرتی کے نام پر قتل ہونے والوں میں نوجوان لڑکوں کی تعداد بڑھتی نظر آ رہی ہے

 اس تنگ نظر معاشرے کی مثالیں تو آپ کئی بار دیکھ چکے ہیں، لیکن تنگ نظری کے ساتھ گرا ہوا، گھٹیا، بے لگام اور بے شرم و بے حیا معاشرہ کی کچھ جھلکیاں ہم آپکو دوبارہ دکھاتے ہیں،آپ نے یہ محاورہ یقینا سن رکھا ہوگا ” اپنا مارے گا بھی تو چھاوں میں ڈالے گا”  لو اس محاورے کو ہم آج سے تبدیل کیے دیتے ہیں ” اپنا مارے گا بھی اور چلچلاتی دھوپ میں ڈالے گا” آپ کو سکھر میں ہونے والا واقعہ تو یاد ہوگا جب بیٹوں نے اپنی 80 سالہ ماں کو تشدد  کے بعد نیم بے ہوشی کی حالت میں کچرے کے ڈھیر پر پھینک دیا،یہ ماں گھنٹوں تک شدید گرمی میں کوڑے کے ڈھیر پر تڑپتی رہی جسے بعد میں اسپتال منتقل کیا گیا، آپ نے بے حیائی کا واقعہ ڈیرہ غازی میں بھی دیکھا جب ایک لڑکی کو بالوں سے گھسیٹا گیا، لڑکی کا جرم یہ تھا کہ اس نے بہو کے ساتھ زیادتی کرنے پر آواز اٹھائی تھی اور اس قبیح اور گھٹیا عمل سے روکا تھا، اس پست ترین شخص کو بعد میں قانون کی گرفت میں لے لیا گیا، ہم نے تیسرا واقعہ خوشاب کا بتایا تھا کہ جب ایکممبر امن کمیٹی نے اپنی ہی بہو پر جال ڈالنے اور زیادتی کی کوشش کی، اور کسی حد تک کامیاب بھی رہا، شریف خاندان کی جانب سے واقعہ کو پبلک نہ کرنے کا کہا گیا ہے کہ اس سے ان کی عزت خراب ہوگی، خون سفید ہونے کا تو آپ نے سن رکھا ہوگا لیکن یہ خون بے غیرت ہوتا جا رہا ہے،

خون بےغیرت ہونے کا سلسلہ رکا نہیں ماہ رمضان میں ہی خوشاب کے علاقے اوبھل سے تعلق رکھنے والا نوجوان قتل کر دیا گیا، جواں سال نوجوان کو تیز دھار آلے سے اسکے گھر میں ہی قتل کیا گیا، شادی شدہ نوجوان لاہور میں کام کرتا تھا اور گھر چھٹی پر آیا تھا، واقعہ کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کر لیا گیا، مقدمہ میں 34/302 اور 201  کے دفعات شامل ہیں،  تفتیشی افسر کے مطابق مقتول عثمان ہنجیرا کا قتل اسکے اپنے ہی باپ نے کیا، ملزمان میں مقتول عثمان کا باپ جابر ہنجیرا اور عثمان کی بیوی عنبرین شامل ہیں، تفتیشی افسر کے مطابق عثمان کے باپ جابر ہنجیرا  نے عنبرین سے ناجائز تعلقات استوار کر رکھے تھے، جس کا عثمان کو پتہ چل گیا، دونوں باپ بیٹے میں جھگڑا ہوا اور صورتحال شدت اختیار کر گئی، سحری کے وقت عثمان کی بیوی عنبرین نے اپنے شوہر کو چائے میں بے حوشی کی دوا ڈال کر پلا دی  اور عثمان کے والد نے کلہاڑی سے عثمان کا گلہ کاٹ دیا، دونوں ملزمان کو گرفتار اور آلہ قتل برآمد کر لیا گیا، مقدس رشتوں کا یہ گھناونا کھیل ماہ رمضان میں کھیلا گیا، کہیں بیٹوں کی بےغیرتی تو کہیں باپ کی بے غیرتی کے یہ واقعات اتنے گھٹیا ہیں کہ عام انسانوں کو ایسی سوچ سے بھی گھن آتی ہے۔

وقار حیدر

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وقار حیدر

وقارحیدر سما نیوز، اسلام آباد میں اسائمنٹ ایڈیٹر کے فرائض ادا کر رہے ہیں

waqar-haider has 57 posts and counting.See all posts by waqar-haider