‘میری کتاب میں ایک بلیک بیری کا ذکر ہے اور تحریک انصاف اسی سے خوفزدہ ہے’


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ میری کتاب میں ایک بلیک بیری کا ذکر ہے اور تحریک انصاف اسی سے خوفزدہ ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آپس کی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ کتاب انتخابات سے پہلے شائع ہو، کتاب پر ‘رائیونڈ کنکشن’ کا الزام لگایا ہے تو ثبوت بھی لائیں۔
ریحام خان نے کہا کہ پارٹی ترجمان فواد چوہدری کی پریس کانفرنس پر توجہ نہیں دینی چاہیے، کسی کو حق نہیں کہ مجھے وارننگ دے، میں کسی کی عزت نہیں اچھال رہی، یہ خود باتیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں کسی کے کندھے پر بندوق رکھ کر کتاب نہیں لکھ رہی، میرے پاس ای میلز بھی ہیں اور شواہد بھی موجود ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف کی سابق اہلیہ کا کہنا تھا کہ تردید میں تب کروں جب میں نے کوئی بیان دیا ہو، تردید تو پی ٹی آئی کو کرنی چاہیے، یہ کتاب حمزہ عباسی کی سوشل میڈیا پر ہے وہ تردید کریں۔

ریحام خان نے واضح کیا کہ میرے پیچھے کوئی مغربی قوت اور سیاسی جماعت نہیں ہے، میں کسی کی عزت نہیں اچھال رہی یہ خود باتیں کر رہے ہیں، میں جوابدہ نہیں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سمجھتی ہے کہ وہ بڑی جماعت ہے، لیکن میں نہیں سمجھتی۔

عمران خان کی سابق اہلیہ نے کہا کہ میری کتاب جب شائع ہو جائے پھر جس کو جو کہنا ہے کہے۔
انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے کافی لوگ میرے ساتھ رابطے میں ہیں، بہت لڑکیاں جو پارٹی میں خود کو محفوظ نہیں سمجھتیں رابطہ کرتی ہیں۔

ریحام خان نے کہا کہ لیگل نوٹس میں احسن اقبال کا کوئی تذکرہ نہیں، ان سے ملاقات کا اتفاق نہیں ہوا تو مریم نواز سے کیسے ہو سکتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کس بات سے ڈر رہے ہیں،مجھے چپ کیوں کرا رہے ہیں؟ جہاں تک ہو سکا میں ان مافیا کیخلاف لڑوں گی۔

ترجمان تحریک انصاف کا ردعمل
ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ریحام خان کا کتاب کے مواد کی تصدیق نہ کرنے کا مطلب ہے کہ جو کچھ کہا جا رہا ہے وہ کتاب میں موجود ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ‘آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ’ میں بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پاناما فیصلے کے 3 دن بعد حنیف عباسی اور عابد شیر علی نے کہا تھا کہ ایک کتاب آئے گی، (ن) لیگ پہلے بھی بینظیر بھٹو اور نصرت بھٹو کے خلاف ایسا کر چکی ہے۔

’سیاسی مرتبے کے لیے جنس کو استعمال کرنے کے واقعات پر بھی کتاب میں لکھا‘
دوسری جانب ایک بھارتی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ریحام خان نے الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے سیاسی مرتبے کے حصول کے لیے جنس کو استعمال کرنے کے واقعات پر بھی کتاب میں لکھا ہے جن میں سے کچھ کا تعلق تحریک انصاف سے بھی ہے۔

ریحام خان نے براہ راست پارٹی چیئرمین عمران خان پر الزام تو نہیں لگایا تاہم کہا کہ پارٹی قیادت ایسے معاملات کی ذمے داری سے مبرا نہیں ہوسکتی جو ان کی پارٹی میں اور ان کے گھر میں پیش آرہے ہوں۔

انٹرویو کے دوران ریحام خان نے کہا کہ عمران خان نے پچھلے 5 سال میں خیبر پختونخوا میں کچھ نہیں کیا، میں اس مرتبہ تحریک انصاف کو ووٹ نہیں دوں گی۔
انہوں نے کہا کہ جب کوئی دوسروں سے مختلف ہونے کا دعویٰ کرےتو اُس سے زیادہ توقعات ہوتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے 11 اضلاع میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹ حال ہی میں بند کر دیئےگئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے نظریات اب تک غیر واضح ہیں،حالیہ یو ٹرن سےبھی یہ واضح ہے۔
بشکریہ جیو نیوز۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).