‘‎سونم اپنی ہی دنیا میں رہتی ہے‘


بالی وڈ اداکارہ جیکلین فرنینڈیز سلمان خان کے ساتھ فلم ‘ریس تھری’ میں دھوم مچانے آ رہی ہیں۔ دراصل سلمان کے ساتھ فلم ‘ِکک’ کے بعد سے جیکلین کے فلمی کریئر کو جو بلندی ملی ہے اس کا آئیڈیا جیکلین کو بھی ہے۔ اسی لیے وہ ہر جگہ سلمان کے گن گاتے نہیں تھکتیں۔

انکا کہنا ہے کہ جب سے وہ انڈیا آئی ہیں سلمان انکا سب سے بڑا سہارا رہے ہیں اور ان کے لیے انکی فیملی کی طرح ہیں۔ اور ‘فلم ‘کِک’ کے بعد تو ان کی زندگی ہی بدل گئی۔

ریس تھری میں سلمان اور جیکلین کے ساتھ انل کپور، ثاقب سلیم، ڈیزی شاہ اور ان سب سے بڑھ کر بابی دیول ہیں جو کافی عرصے کے بریک کے بعد بڑے پردے پر نظر آئیں گے۔ فی الحال تو وہ بھی جیکلین کی طرح سلمان کے گُن گاتے نظر آ رہے ہیں۔

شاہ رخ کا جواب

کہا جا رہا ہے کہ آجکل انڈیا بڑی ہی ہلچل والا ملک ہے جہاں کبھی سیاسی تو کبھی معاشرتی مسائل چھائے ہی رہتے ہیں جس کے بارے میں سوشل میڈیا پر بحث بھی فیشن بن چکا ہے۔

مسئلہ آپ کو سمجھ میں آئے یا نہ آئے رائے ضرور سامنے آ جاتی ہے۔ اور سوشل میڈیا کے منچلے کبھی بھی کسی کو بھی چیلنج کر بیٹھتے ہیں۔

اسی طرح کسی منچلے نے شاہ رخ خان کو چھیڑ دیا۔ دراصل شاہ رخ خان جو آج کل اپنی فلم ‘زیرو’ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کے سوالوں کے جواب دے رہے تھے کسی نے ان سے سوال کیا کہ آپ مغربی بنگال کے فسادات اور ایسے دیگر متنازع مسائل پر خاموش کیوں رہتے ہیں۔

شاہ رخ خان نے اپنے ہی مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہو لکھا میں جواب ضرور دیتا لیکن معلوم نہیں کہ آپ میرے اس جواب کے لیے مناسب ہیں بھی یا نہیں۔

شاہ رخ اور عامر خان پہلے ہی عدم رواداری کے موضوع پر مودی جی اور آر ایس ایس کے بھکتوں کے عتاب کا نشانہ بن چکے ہیں جنھوں نے انکے لیے پاکستان کی ٹکٹ تقریباً کٹوا ہی دی تھی۔ اس کے بعد سے اب وہ یہ کوشش کرتے ہیں کہ کسی بھی متنازع مسئلے سے دور ہی رہیں اوراسی میں عافیت بھی ہے۔

سونم اپنی ہی دنیا میں رہتی ہے

سونم کپور

بالی وڈ اداکار انل کپور کی فیملی نے حال ہی میں سری دیوی کی موت سے لیکر سونم کپور کی شادی تک جس بے پناہ آپسی محبت اور اتحاد کی تصویر پیش کی تھی اسے انل کپور کے صاحبزادے ہرش وردھن کپور نے اپنے حالیہ انٹرویو سے بدل کر رکھ دیا۔

لگتا ہے اپنی پہلی فلم ‘مرزیا’ کے فلاپ ہونے کے تقریباً دو سال بعد دوسری فلم ‘بھاویش جوشی’ کے منھ کے بل گرنے سے ہرش بوکھلا گئے ہیں۔

سب سے پہلے تو بھاویش جوشی اور ‘ویرے دی ویڈنگ’ ایک ساتھ رلیز کی گیئں اور ظاہر ہے انکی بہن سونم کپور کی فلم ‘ویرے دی ویڈنگ’ تعریف اور مال دونوں ہی بٹور رہی ہے ایسے میں بھاویش جوشی کا جذباتی ہونا لازمی تھا اور پریس کانفرنس میں وہ شاید اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اپنی بہن سے کوئی مشورہ لیتے ہیں تو جواب میں ہرش وردھن کا کہنا تھا کہ سونم اپنی ہی دنیا میں رہتی ہے۔

ہرش نے کہا کہ سونم نے ہر طرح کی فلمیں کی ہیں اور ہیروئنز کے لیے بہت ساری فلمیں میں کام کرنا آسان ہوتا ہے۔ ہرش نے یہاں تک کہہ دیا کہ فلم ‘پیڈ مین’ میں سونم کا کوئی اہم رول نہیں تھا۔

ان کے مطابق ہیروئن کے لیے پوری فلم میں نظر آنا بھی ضروری نہیں ہوتا ‘جبکہ میری فلم پوری طرح میرے کندھوں پر ہوگی تو میں سونم سے کوئی مشورہ نہیں لیتا۔’

جب سوشل میڈیا پر لوگوں نے ہرش کے اس بیان پر تبصرہ کرنا شروع کیا تو ہرش نے کہا کہ ان کے انٹرویو کو توڑ مڑوڑ کر پیش کیا گیا ہے۔

بھائی پرش وردھن صاحب پہلی فلم فلاپ ہونے کے بعد کچھ تو سوچا ہوتا کم از کم اپنے پروڈیوسر کو فلم کسی اور وقت پر رلیز کرانے کے لیے رضا مند کر لیتے اب ‘ویرے دی ویڈنگ’ جیسی فلم کے ساتھ ‘بھاویش جوشی’ کو لانا کہاں کی عقل مندی ہے!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp