ٹرمپ کی معافی ’غیر ضروری‘ ہے: محد علی کے وکیل


محمد علی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ عالمی شہرت یافتہ باکسنگ لیجنڈ محمد علی کو فوج میں جبری بھرتی سے انکار پر ملنے والی سزا کو شاید معاف کر دیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے جی سیون کے اجلاس کے سلسلے میں کینیڈا جانے سے پہلے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ‘میں محمد علی کے بارے میں سوچ رہا ہوں۔ میں ان کے سمیت دوسروں کے بارے میں بھی بہت سنجیدگی سے سوچ رہا ہوں۔’

خیال رہے کہ محمد علی کو سنہ 1967 میں ویت نام جنگ میں حصہ لینے سے انکار پر سزا سنائی گئی تھی۔

تاہم محمد علی کے خاندان کے ایک وکیل کا کہنا ہے کہ یہ ’غیر ضروری‘ ہے کیوکہ امریکہ کی سپریم کورٹ سنہ 1971 میں باکسنگ لیجنڈ کو پہلے ہی معاف کر چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

خود کو معاف کرنے کا مکمل حق رکھتا ہوں: صدر ٹرمپ

’صدر ٹرمپ خود کو معاف کرنے کا اختیار رکھتے ہیں‘

روس سے ساز باز کی جانچ: صدر ٹرمپ کو ریپبلکنز کا انتباہ

روس نے مدد کی یا نہیں، ٹرمپ حلفیہ بیان دینے پر تیار

وکیل ران ٹویل کا ایک بیان میں مزید کہنا تھا ’ہم صدر ٹرمپ کے جذبات کی قدر کرتے ہیں لیکن معافی غیر ضروری ہے۔ امریکہ کی سپریم کورٹ نے سنہ 1971 میں محمد علی کو دی جانے والی سزا کو متفقہ فیصلے سے ختم کر دیا تھا۔‘

ان کے بقول ’ کوئی سزا نہیں ہے جس کے لیے معافی کی ضرورت ہے۔‘

واضح رہے کہ باکسنگ لیجنڈ محمد علی سنہ 2016 میں انتقال کر گئے تھے۔

محمد علی نے سنہ 1967 میں ہونے والی ویتنام جنگ میں حصہ لینے سے انکار کر دیا تھا۔ انھوں نے سنہ 1967 میں فوج میں بھرتی ہونے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ ‘میری ویتنام سے کوئی لڑائی نہیں ہے۔’ جس کے بعد انھیں اعزازات سے محروم کر دیا گیا۔ انھیں پانچ سال قید کی سزا بھی سنائی گئی تھی تاہم اسے اپیل کے بعد منسوخ کر دیا گیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں مارتھا سٹیورٹ اور ریاست ایلنائی کے سابق گورنر راڈ بلاگویویوچ کو معافی دینے سے متعلق بھی بات کی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ دنوں کہا تھا کہ وہ 2016 کے امریکی صدارتی انتخاب روسی مداخلت کی تحقیقات میں خود کو معاف کرنے کا ‘مکمل حق’ رکھتے ہیں تاہم انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انھوں نے کچھ غلط نہیں کیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp