صدر ٹرمپ سے ملاقات کے لیے کم جونگ ان سنگاپور پہنچ گئے


سنگاپور

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ اپنی مجوزہ ملاقات کے لیے سنگاپور پہنچ گئے ہیں۔ ان دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ تاریخی ملاقات سینٹوسا جزیرے پر منگل کو ہوگی۔ یہ پہلا موقع ہے جب شمالی کوریا کے رہنما کسی برسراقتدار امریکی صدر سے مل رہے ہیں۔

سنگاپور کے وزیر خارجہ ویوین بالاکرشن نے ایک تصویر ٹویٹ کی ہے جس میں وہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کا سنگاپور کے ہوائی اڈے پر استقبل کر رہے ہیں۔ اس سے قبل سنگاپور کے اخبار سٹریٹس ٹائمز کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ سے اتوار کو تین جہازوں نے پرواز کی۔ ایک کارگو جہاز تھا جو علی الصبح اڑا، اس کے بعد ایک چینی جہاز اور پھر کم جونگ ان کا ذاتی جہاز اڑا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس ملاقات کو ‘امن کا مشن’ قرار دیا اور کہا کہ دونوں سربراہان کے لیے ‘صحیح معنوں میں یہ پہلی بار ہے۔’ کینیڈا میں جی سیون سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد امریکی صدر وہاں سے روانہ ہو گئے ہیں۔

روانگی سے قبل میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ شمالی کوریا کے سربراہ ‘اپنے لوگوں، اپنے خاندان اور اپنے لیے کچھ مثبت کر سکتے ہیں۔’ امریکہ کو امید ہے کہ اس ملاقات سے ایک ایسے مرحلے کا اغاز ہوگا جس میں کم جونگ ان آخرکار اپنے جوہری ہتھیاروں پر کام بند کر دیں گے۔ گذشتہ 18 ماہ کے دوران ان دونوں سربراہان کے درمیان تعلقات میں زبردست اتار چڑھاؤ آئے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp