جی سیون سربراہی اجلاس میں تلخی، مشترکہ اعلامیہ جاری نہ ہو سکا


جسٹن ٹروڈؤ

کینیڈا میں جی سیون سربراہی اجلاس تلخی کے بعد تفریق کا شکار ہو گیا اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشترکہ اعلامیہ جاری ہونے سے پہلے ہی اس سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو پر کڑی تنقید کی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے طیارے سے ٹویٹ کرتے ہوئے جی سیون اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس میں امریکی محصولات کی وضاحت کرنے پر جسٹس ٹروڈو پر کمزور اور بد دیانت ہونے کا الزام عائد کیا۔

اس سے پہلے جسٹن ٹروڈو نے اعلان کیا کہ جی سیون کے تمام ارکان نے تجارت سمیت مختلف معاملات پر مشترکہ بیان پر اتفاق کیا تھا۔

کینیڈا کے وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کا ملک امریکہ کی جانب سے درآمدی محصولات میں اضافے کے فیصلے کی مزاحمت کرے گا۔

یہ بھی پڑھیے

جی سیون وزرا کی امریکی محصولات پر تنقید

’محصولات عائد کر کے امریکہ خطرناک کھیل کھیل رہا ہے‘

’سٹیل پر ڈیوٹی عائد کرنا امریکہ کے لیے بھی نقصان دہ‘

امریکہ اور چین کی تجارتی جنگ کے نتائج کیا ہوں گے؟

جی سیون اجلاس کے بعد نیوز کانفرس کے خـطاب کرتے ہوئے جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا یکم جولائی سے امریکہ کی 13 ارب ڈالر کی برآمددات پر 25 فیصد محصولات عائد کرے گا۔

انھوں نے کہا ’کینیڈین لوگ نرم اور معقول ہیں لیکن ہمیں ارد گرد دھکیلا نہیں جا سکتا ہے۔‘

جی سیون سربراہی اجلاس کے بعد سنگاپور جاتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ میں کہا کہ انھوں نے ’امریکی اہلکاروں‘ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اعلامیے کی توثیق نہ کریں کیونکہ ہم آٹوموبائلز کے محصولات کی جانب دیکھ رہے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ اقدام جسٹن ٹروڈو کے ’بیانات پر مبنی تھا اور حقیقت یہ ہے کہ کینیڈا ہمارے امریکی کسانوں، ورکروں اور کمپنیوں پر بہت زیادہ محصول عائد کر رہا ہے۔

https://twitter.com/realDonaldTrump/status/1005586562959093760

جسٹن ٹروڈو کے دفتر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی بات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے کچھ بھی نہیں کہا تھا، اس سے پہلے بھی، عوام میں بھی اور صدر ٹرمپ کے ساتھ نجی بات چیت میں بھی۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں برس مارچ میں سٹیل کی درآمد پر 25 فیصد اور ایلومینم کی درآمد پر 10 فیصد ڈیوٹی لگانے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا جس کی بڑے پیمانے پر بین الاقوامی مذمت کی گئی تھی۔

Donald Trump (left) with Justin Trudeau in Quebec, Canada, 8 June

صدر ٹرمپ نے صدارت سنبھالنے کے فوراً بعد 1962 کے ایک قانون کے تحت سٹیل کی صنعت کے بارے میں تحقیقات کا اعلان کیا تھا۔

یہ قانون صدر کو اختیار دیتا ہے کہ وہ قومی سلامتی کو خطرے کے پیش نظر کسی قسم کی درآمد کو روکنے کا فیصلہ کر سکتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp