جنرل صاحب بالکل درست ہیں!


ایسا شاید پہلی بار ہوا کہ عسکری تعلقاتِ عامہ کے ذمہ دار ایک فل میجر جنرل (آصف غفور) کو نام لے کر وضاحت کرنا پڑی کہ خاتون صحافی گل بخاری کو فوج نے اغوا نہیں کیا اور اس واقعے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

گذشتہ ہفتے میجر جنرل آصف غفور نے پریس بریفنگ میں ایک چارٹ پر آویزاں کچے کانوں والے کچھ منہ پھٹ صحافیوں کی چسپاں تصاویر کی جھلک کراتے ہوئے کہا تھا کہ ہم ان کی سوشل میڈیا سرگرمیوں سے واقف ہیں۔ بعد ازاں جنرل صاحب نے وضاحت کی کہ اس چارٹ کا مقصد صحافیوں کو موردِ الزام ٹھہرانا نہیں ہے۔

یہ محض حسنِ اتفاق ہے کہ جنرل صاحب کی سوشل میڈیا سرگرمیوں پر نگاہ رکھنے والی پریس بریفنگ کے اگلے روز ہی گل بخاری چند گھنٹے کے لیے غائب ہو گئیں۔ چونکہ گل بخاری بھی جارحانہ ٹویٹ کاری کے لیے جانی جاتی ہیں لہذا برطانوی ہائی کمیشن سمیت کئی یار لوگوں نے اس کے ڈانڈے جنرل صاحب کی پریس بریفنگ سے ملا دیے۔

جنرل صاحب کا بیان مزید جامع اور آئینے کی طرح شفاف ہو جاتا اگر وہ ہم جیسے موٹے دماغ والے صحافیوں کو بس سمجھانے کی غرض سے یہ وضاحت بھی کر دیتے کہ صرف فوج ہی نہیں بلکہ اس سے متعلقہ آئی ایس آئی اور ایم آئی سمیت کوئی بھی حساس ادارہ آئین و ملکی قوانین کے دائرے میں ہی کام کرتا ہے اور گل بخاری سمیت کسی بھی پاکستانی شہری کو جبری طور پر اٹھانے یا غائب کرنے پر یقین نہیں رکھتا۔

اس حوالے سے اندرونی و بیرونی ذرائع ابلاغ میں جو تاثر ہے وہ سراسر بے بنیاد ہے۔ جعلی نمبر یا بغیر نمبر پلیٹ یا کالے شیشے والی ایک ہی رنگ و نسل کی ویگو گاڑیوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔ اگر آئندہ کسی علاقے میں ایسی گاڑیاں مشکوک گھومتی یا کسی دستاویزی ثبوت کے بغیر کسی شہری کو سڑک، گھر یا دفتر سے جبراً اٹھاتی نظر آئیں تو فلاں فلاں ایمرجنسی نمبر پر فوری اطلاع دیں۔

اگر مقامی تھانیدار ایسے واقعات کی رپورٹ درج کرنے میں آنا کانی کرے تو مجھے (جنرل صاحب کو) براہِ راست اس ای میل ایڈریس اور اس ٹویٹر ہینڈل پر مطلع کریں تاکہ ایسے قانون شکن واقعات کو بروقت روکنے میں بحیثیت ایک قومی ادارہ ہم سے جو ممکن ہو کر پائیں۔

اس بارے میں کوئی بھی شہری فوج یا نیم فوجی یا حساس اداروں سے تعاون کرنے سے نہ ہچکچائے کیونکہ ایسے عناصر کی نشاندہی اور سرکوبی ہم سب کا قومی فرض ہے جن کی حرکتوں کی وجہ سے کسی بھی قومی یا حساس ادارے کی شہرت پر سوال اٹھے۔

ویسے تو جنرل صاحب کئی بار ہم جیسے کوڑھ مغز لکھاریوں کی سہولت کے لیے دہرا چکے ہیں کہ ان کا ادارہ تعمیری تنقید اور ملکی قوانین کے تحت حاصل اظہار کی آزادی کا احترام کرتا ہے مگر آج کل کے حالات میں ایک بار پھر ایک باضابطہ یقین دہانی کی اشد ضرورت ہے۔

کیونکہ کچھ نیم محبِ وطن عناصر ایسی بے پر کی زیادہ ہی اڑا رہے ہیں کہ فلاں چینل کے اینکر، زید میڈیا گروپ یا سرکردہ میڈیا سیٹھ حاجی اللہ دتہ کی پشت پر فلاں حساس ادارے کا ہاتھ ہے، بکر کیبل گروپ کو نامعلوم نمبروں سے کوئی حساس افسر بن کے ڈراتا ہے کہ اگر تم نے فلاں چینل کو ایک گھنٹے میں نہیں اتارا تو کوئی تمہیں نہ اتار دے۔

بحیثیت شہری کم ازکم میں نہیں چاہوں گا کہ کوئی نامعلوم نمبروں کا استعمال کر کے بطور مسٹر فلاں فلاں پاکستانی میڈیا اور شہریوں کو ڈراتا پھرے اور پھر غیر محبِ ڈھنڈورچی اس کی آڑ میں پاکستان کے ایسے کلیدی اداروں کو چار دانگِ عالم بدنام کرتے پھریں کہ جو پہلے ہی اس ملک کے جغرافیائی و نظریاتی تحفظ کے لیے دن رات چومکھی لڑ رہے ہیں اور سب سے زیادہ قربانیاں دے رہے ہیں۔

بلکہ میں تو یہ تجویز دوں گا کہ فوج اور متعلقہ سول ادارے میجر جنرل آصف غفور یا انہی کے ہم پلہ کسی باصلاحیت افسر کی سربراہی میں تمام ضروری سہولتوں سے لیس ایک ایسا ادارہ بھی تشکیل دیں جو پاکستانی شہریوں کو نامعلوم گاڑیوں میں ڈال کر لے جانے والی ’خلائی مخلوق‘ نیز میڈیا اور کیبل آپریٹرز کو دھمکیاں دینے والے عناصر کی بروقت شناخت کر کے انھیں انصاف کے کٹہرے میں لا سکے۔

یوں ہم سب ڈٹ کر اس ملک دشمن غلیظ پروپیگنڈے کا ایمنسٹی، ہیومین رائٹس واچ اور اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے فورم پر نگاہیں نیچی کیے بغیر مدلل جواب دے سکیں کہ ہمارے ادارے بالخصوص حساس ادارے آئین و قانون سے ماورا ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).