تحریک انصاف کے رہنما کا تحریک انصاف ہی کے ٹکٹ ہولڈر کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان


پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری نذیر احمد جٹ نے گگو منڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ این اے 163 سے ہر قیمت پر الیکشن میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ این اے 162 سے ان کی بیٹی عائشہ نذیر جٹ،  این اے 163 سے ڈاکٹر عارفہ نذیر جٹ اور پی پی 229 سے وہ خود امیدوار ہیں۔

چوہدری نذیر احمد جٹ نے کہا کہ این اے 163 کی مختلف برادریوں، جن میں چدھڑ، سلدیرا، دگل، گھمن، بھٹی لنگڑیال، ڈھڈی، اور جوئیہ برادری شامل ہیں، کے نمائندہ افراد ملک اقبال لنگڑیال، ملک جعفر لنگڑیال، فیاض چدھڑ، محمد حسین چدھڑ، رستم چدھڑ، اسد خان لکھویرا، اللہ رکھا جوئیہ، اسد اللہ ڈھڈی، مرتضیٰ خان اور سابق ایم این اے ضرغام خان خاکوانی شامل ہیں نے ہمیں مکمل حمایت اور بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے اور ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ این اے 163 کو وڈیرہ شاہی سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے نجات دلائی جائے۔

چوہدری نذیر احمد جٹ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تحصیل بورے والہ کے عوام کو تعلیم اور صحت کی معیاری سہولیات فراہم کی جائیں۔ چوہدری نذیر احمد جٹ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ این اے 163 میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر کے مقابلہ میں الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ انہوں نے عوام کی رائے کے احترام میں کیا ہے اور وہ ہر قیمت پر الیکشن میں حصہ لے کر اس حلقہ میں پارٹی کو شکست سے بچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے یہ فیصلہ پارٹی کے مفاد کو مد نظر رکھ کر کیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).