امریکی صدر اور شمالی کوریا کے رہنما کے درمیان تاریخی ملاقات جاری


امریکی صدر ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنماکم جونگ اُن کے درمیان تاریخی ملاقات شروع ہو گئی۔ سنگاپور کے ایک ہوٹل میں ملاقات سے قبل دونوں عالمی رہنماؤں نے خوشگوار موڈ میں مصافحہ کیا اور فوٹوگرافرز کے لئے خصوصی پوز بنوایا، جس کے بعد وہ باقاعدہ ملاقات کے لیے کمرے میں چلے گئے۔ ون آن ون ملاقات میں قابلِ توثیق انداز سے شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام کے خاتمے کا ایجنڈا سرفہرست ہے۔

67 برس سے ایک دوسرے کے دشمن اور ایٹمی ہتھیاروں سے برباد کرنے کی دھمکیاں دینے والے پہلی بار ایک ساتھ مل بیٹھے ہیں اور پوری دنیا کی نظریں امن کی نئی امید پرلگ گئی ہیں۔ تاریخی ملاقات کی کوریج کے لیے دنیا بھر سے ڈھائی ہزار سے زائد صحافی سنگاپور میں موجود ہیں۔ ملاقات سے پہلے جنوبی کوریا کے صدرنے ٹرمپ کو فون کرکے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔

ملاقات سے قبل ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سربراہ ملاقات ختم ہوتے ہی نتائج سے آگاہ کرنے امریکی وزیرخارجہ کو جنوبی کوریا بھیجوں گا۔ دوسری جانب امریکی وزیرخارجہ کہتے ہیں آج واضح ہو جائے گا کہ کم امریکی صدرکے وژن سے ہم آہنگ ہیں یا نہیں۔ ایٹمی پروگرام ختم کرنے پر ٹرمپ نے شمالی کوریا کوروشن مستقبل دینےکی پیش کش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایٹمی ہتھیاروں سے شمالی کوریا کے پاک ہونے کی توثیق یقینی بنائیں گے۔ ایٹمی ہتھیاروں کےقابل توثیق خاتمے تک شمالی کوریا پرعائد پابندیاں نہیں اٹھائیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).