عمران کا کسی کو فون: ای سی ایل میں نام ہونے کے باوجود ذلفی بخاری سعودی عرب روانہ


پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے قریبی ساتھی سید ذوالفقار عباس بخاری عرف زلفی بخاری کا نام ای سی ایل (ایگزٹ کنٹرول لسٹ) میں ہونے کے باوجود انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی گئی۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے آف شور کمپنیاں رکھنے اور پاناما پیپرز میں نام آنے پر ان کے خلاف تحقیقات شروع کی تھیں۔ نیب کی جانب سے زلفی بخاری کو متعدد نوٹسز جاری کیے گئے تھے تاہم انہوں نے ان کا جواب نہیں دیا۔ وزارت داخلہ نے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا تھا اور اس کی اطلاع تمام انٹرنیشنل ایئر پورٹس کو کر دی گئی تھی۔ پیر کے روز عمران خان اپنی اہلیہ کے ہمراہ ادائیگی عمرہ کے لئے اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہنچے تو زلفی بخاری بھی ان کے ساتھ تھے۔ ایف آئی اے نے زلفی بخاری کو جہاز میں سوار ہو نے سے روک دیا اور بتایا کہ ان کا نام ای سی ایل میں ہے وہ نہیں جا سکتے۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر عمران خان اور ان کے ساتھ افراد میں سراسیمگی پھیل گئی۔

تاہم اس دوران عمران خان نے فون پر کسی ’’بالا شخصیت‘‘ سے بات کی جس کے بعد زلفی بخاری کو طیارے میں جانے کی اجازت دے دی گئی۔ ان دنوں زلفی بخاری خبروں میں بھی ہیں کیونکہ انہوں نے ریحام کی ممکنہ کتاب کی اشاعت کے خلاف لیگل نوٹس دیا ہوا ہے۔ رات گئے تک پی آئی اے سے اس بارے میں رابطہ نہیں ہو سکا جن سے بھی رابطہ ہو سکا ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کسی کو فون نہیں کیا۔ زلفی بخاری نے خود رابطے کیے اور وہ خود اپنا بندوبست کر کے سعودی عرب گئے۔

( بشکریہ جنگ –  احمد نورانی)


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).