چنیوٹ میں دو ہزار کارکنوں نے تحریک انصاف چھوڑدی، ممبرشپ کارڈ جلا دیئے


چنیوٹ میں پی ٹی آئی کے کارکن ٹکٹوں کی تقسیم پر قیادت کے خلاف بپھر گئے ۔ دو ہزار کارکنوں نے تحریک انصاف چھوڑ دی، کارڈ جلادیئے، عمران کو 75 لاکھ مالیت سونے کا بیٹ تحفہ دینے والے سید عنایت علی شاہ (سابق ایم این اے 2008 -2013، پیپلز پارٹی) کو ٹکٹ نہ دینے کے خلاف احتجاج کیا۔

کارکن تحریک انصاف کے ممبرشپ کارڈ جلا کر اوپر جوتے مارتے رہے۔ عمران کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سابق ایم این اے سید عنایت علی شاہ نے اپنے ڈیرے پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی میں ورکرز کی کوئی قدر نہیں۔ مسلسل قربانی دینے والوں کو نظر انداز کر کے امپورٹڈ امیدوار مسلط کر دیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلسل پانچ سال تک پی ٹی آئی کے لیے قربانیاں دیں۔ 2013 میں جب کوئی پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ نہیں لے رہا تھا، اس وقت پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیا۔ میرے مقابلے پر 2013 میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لینے والے کو اب پی ٹی آئی کا ٹکٹ دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی اور کرپشن کے خلاف نعرے لگانے والی جماعت کس طرح تبدیلی لائے گی۔ اس لیے میں پی ٹی آئی کو خیرباد کہتا ہوں اور میرے ساتھ پی ٹی آئی کے دو ہزار کارکن بھی جماعت کو چھوڑ رہے ہیں۔ اس موقع پر کارکنوں نے پی ٹی آئی اور عمران خان کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے دو ہزار سے زائد ممبر شپ کارڈز کو جوتے مارتے ہوئے جلا دیا۔

سید عنائت علی شاہ نے کہا کہ آئندہ این اے 100 سے کس پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑوں گا، اس کا فیصلہ اپنے حلقے کے عوام سے پوچھ کروں گا۔ فی الحال آزاد حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ یاد رہے کہ 2013 کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کوچھوڑ کر تھریک انساف مین شامل ہوتے ہوئے سید عنایت علی شاہ نے عمران خان کو سونے کا بیٹ بھی تحفے میں دیا تھا جس کی مالیت پچھتر لاکھ روپے تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).