فٹبال عالمی کپ 2026 کی میزبانی امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کے نام، مارکش ایک بار پھر ناکام


فٹبال

PA
یہ پانچواں موقع ہے کہ مراکش عالمی کپ کی میزبانی حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے سنہ 2026 کے فٹبال عالمی کپ کی میزبانی امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کا انتخاب کیا ہے جبکہ مراکش ایک بار پھر میزبانی حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔

فیفا ممبران کی جانب سے ہونے والی ووٹنگ میں ’یونائیٹڈ 2026‘ کو 134 ووٹ ملے جبکہ مراکش صرف 65 ووٹ حاصل کر سکا۔

سنہ 2026 کا عالمی کپ سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہوگا کیونکہ ان میں 32 کے بجائے 48 ٹیمیں ہوں گی اور 34 دنوں میں 80 میچ کھیلے جائیں گے۔

یو ایس سوکر کے صدر کالوس کوڈیئرو کا کہنا ہے کہ ’یہ صرف فٹبال کی کامیابی ہے۔ ہم سب فٹبال کے لیے متحدہ ہیں۔‘

بدھ کو ماسکو میں 68ویں فیفا کانگریس کے موقع پر 211 فیفا ممبران ممالک میں سے 200 نے ووٹنگ میں حصہ لیا تھا۔

اس سے قبل میکسیکو دو بار (1970 اور1986) اور امریکہ (1994) ایک بار عالمی مقابلوں کی میزبانی کر چکا ہے جبکہ کینیڈا نے سنہ 2015 میں خواتین کے فٹبال عالمی کپ کی میزبانی کی تھی۔

کارلوس کورڈیئرو کا کہنا تھا کہ ’یونائیٹڈ‘ عالمی کپ سے 14 ارب ڈالر کی آمدن ہوگی اور فیفا کو 11 ارب کا فائدہ ہوگا۔

فٹبال

یہ پہلا ٹورنامنٹ ہوگا جس میں میزبانی تین ممالک کریں گے

16 میزبان شہروں میں سے دس امریکہ میں ہوں گے جبکہ میکسیکو اور کینیڈا کے تین، تین شہر عالمی مقابلوں کی میزبانی کریں گے۔

مجموعی طور پر 60 میچ امریکہ میں جبکہ کینیڈا اور میکسیکو دس، دس میچوں کی میزبانی کریں گے۔

فائنل مقابلہ نیو جرسی کے میٹ لائف سٹیڈیم میں منعقد ہوگا جس میں 84 ہزار سے زائد تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

یہ پہلا ٹورنامنٹ ہوگا جس میں میزبانی تین ممالک کریں گے۔

دوسری جانب سے یہ پانچواں موقع ہے کہ مراکش عالمی کپ کی میزبانی حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔

فٹبال عالمی کپ صرف ایک بار ہی افریقہ ہی میں منعقد ہوا ہے جب 2010 میں جنوبی افریقہ میں یہ مقابلے ہوئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp