مسجد قاسم علی خان پشاور میں مولوی شہاب الدین پوپلزئی نے عید کا اعلان کر دیا


خیبر پختونخوا میں مقامی رویت ہلال کمیٹی نے یکم شوال 1439 کے چاند کی شہادتیں موصول ہونے پر 15 جون 2018 بروز جمعہ عید کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان جمعرات کی رات مسجد قاسم علی خان میں مقامی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں شہادتیں موصول ہونے کے بعد کیا گیا۔ اجلاس کی صدرت مفتی محمد شہاب ا لدین پوپلزئی نے کی۔ اجلاس میں پشاور اور خیبر پختونخوا کے جید علماء کرام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پشاور سے ایک، مردان اور صوابی سے 7، بنوں سے 8، تیمرہ گرہ سے 4، لنڈی کوتل سے 12، شبقدر سے 11، سرائے نورنگ 4 مرد اور 3 خواتین، باجوڑ سے 3، سفید ڈھیری سے   ،بڈھ بیر سے 4 خواتین، رستم زئی سے 5، رجڑ سے 3 شہادتیں موصول ہوئیں۔ جس کے بعد مفتی شہاب الدین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آج 15 جون بروز جمعہ یکم شوال 1439 عید الفطر منائی جائے گی۔

واضح رہے کہ پہلے بھی کئی مرتبہ چاند کا تنازع پیدا ہو جانے کے باعث ملک میں دو مختلف دنوں میں عیدیں منائی جاتی رہی ہیں جبکہ گزشتہ سال سابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور دیگر حکام کی جانب سے مذہبی ہم آہنگی کی کوششوں کے تحت ایک ہی دن عید منائی گئی۔ تب مفتی شہاب الدین پوپلزئی کسی کو اطلاع دیے بغیر سعودی عرب چلے گئے تھے۔  تاہم اس برس یہ کوششیں ناکام ہو گئیں اور خیبرپختونخوا کی مقامی کمیٹی نے ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ عید منانے کی بجائے آج (جمعہ) کو عید منانے کا اعلان کردیا۔ اس حوالے سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چاند نظر نہ آنے کے باضابطہ اعلان کو بھی پس پشت ڈال دیا گیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).