ایران میں اصلاح پسندوں کی کامیابی


\"Iranian-women-election-rally\"ایران میں پارلیمنٹ کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں صدر حسن روحانی کے حامی اصلاح پسندوں کو واضح کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ جمعہ کے روز منعقد ہونے والے انتخاب میں 68 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی تھی ۔ ان میں سے اصلاح پسندوں کو 36 اور رجعت پسند وں کو 17 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ چار سیٹوں کے نتائیج کا اعلان نہیں ہؤا جبکہ آزاد امیدواروں نے دس کے لگ بھگ نشستیں جیت لی ہیں۔

جمعہ کو ہونے والا انتخاب فروری میں ہونے والے عام انتخابات کا تسلسل تھا۔ دوسرے مرحلے میں ان نشستوں پر انتخاب منعقد کروایا گیا تھا جہاں پہلے مرحلے میں کوئی بھی امیدوار 25 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہؤا تھا۔ ان نتائیج کے بعد 290 کے ایوان میں صدر روحانی کے اصلاح پسند حامیوں کو 131 اور رجعت پسندوں کو 124 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ کوئی دھڑا بھی واضح اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہؤا۔ اس طرح طاقت کا توازن آزاد امید واروں کے ہاتھ میں ہوگا جنہیں 35 نشستیں حاصل ہو چکی ہیں۔ تاہم تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ان انتخابات کے بعد صدر روحانی کے لئے اصلاحات اور تبدیلیوں کے زیادہ امکانات پیدا ہو جائیں گے اور قانون سازی میں اکثریتی دھڑے کے لئے آزاد اراکین کا تعاون حاصل کرناآسان ہوگا۔ گو کہ ایرانی پارلیمنٹ کو مکمل جمہوری اختیارات حاصل نہیں ہیں کیوں کہ پارلیمنٹ کا منظور کردہ کوئی بھی قانون ملک کی مذہبی قیادت مسترد کر سکتی ہے۔ اس کے باوجود انتخابات میں اصلاح پسندوں کی کامیابی کو علامتی اہمیت حاصل ہے اور ملک میں معاشی اور معاشرتی پالیسیاں تبدیل کرنے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ ایران میں 2004 کے بعد پہلی مرتبہ اصلاح پسندوں کو پارلیمنٹ میں اتنی بڑی تعداد میں نشستیں حاصل ہو سکی ہیں۔

اصلاح پسندوں کی کامیابی کو عوام کی طرف سے صدر حسن روحانی کی پالیسیوں کی تائید بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ صدر روحانی کی قیادت میں ایران نے دنیا کی چھ بڑی طاقتوں کے ساتھ جوہری معاہدہ کرکے ملک کی سفارتی تنہائی کا خاتمہ کیا تھا۔ اس طرح ایران پر سے متعدد اقتصادی پابندیاں اٹھا لی گئی تھیں۔ فروری اور اب منعقد ہونے والے انتخابی نتائیج سے واضح ہو تا ہے کہ ملک کے عوام ان تبدیلیوں سے خوش ہیں اور معاشرے میں تبدیلیوں کی خواہش رکھتے ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ صدر روحانی اب بھی کوئی انقلابی تبدیلی لانے کی طاقت تو نہیں رکھتے لیکن وہ آہستہ آہستہ ملک کی معیشت اور بیرونی دنیا میں امیج کو تبدیل کرنے کے لئے کام کریں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

سید مجاہد علی

(بشکریہ کاروان ناروے)

syed-mujahid-ali has 2767 posts and counting.See all posts by syed-mujahid-ali

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments