چوہوں نے 12 لاکھ روپے سے زیادہ کی مالیت کے نوٹ کتر ڈالے


چوہے

انڈیا میں کئی معاملات میں چوہوں پر الزام لگائے گئے ہیں

انڈیا میں ہزاروں لیٹر شراب پینے اور سیلاب کی تباہی کا سبب ہونے کے الزامات کے بعد اب چوہوں پر لاکھوں روپے کترنے کا الزام لگا ہے۔

انڈیا کی شمال مشرقی ریاست آسام میں جب ٹکنیشینز نے ایک خراب اے ٹی ایم مشین کو ٹھیک کرنے کے لیے اسے کھولا تو ان کی حیرت کی انتہا نہ رہی۔

انھیں 12 لاکھ سے زیادہ مالیت کے نوٹ کترے ہوئے ملے اور ان کے مشتبہ مرتکبین کے طور پر چوہوں کے سر الزام گیا۔

انڈین اخبار دی ہندوستان ٹائمز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ شاید چوہے وائرنگ کے لیے بنے سوراخ کے راستے مشین میں داخل ہو گئے اور انھوں نے کرنسی نوٹ کو کتر دیا۔

یہ واقعہ آسام کے تین سُکیا ضلعے میں سٹیٹ بینک آف انڈیا کے ایک اے ٹی ایم میں پیش آيا۔ اس کی تصویر سوشل میڈیا بطور خاص ٹوئٹر پر وسیع پیمانے پر شیئر کی جا رہی ہے۔

https://twitter.com/Karma_Paljor/status/1008720858662166528

ایک تصویر میں ان کترے ہوئے کرنسی نوٹوں کے درمیان ایک مردہ چوہے کو دیکھا جا سکتا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق پولیس اہلکار پرکاش سونووال نے بتایا کہ مشین گذشتہ 12 دنوں سے خراب تھی۔

یہ بھی پڑھیے

چرسی چوہے 540 کلو گرام منشیات ہڑپ کر گئے

’بہار کے سیلاب کی اصل وجہ چوہے ہیں‘

جن ٹکنیشینز نے مشین کھولی انھوں نے 2000 اور 500 کے کرنسی نوٹوں کو بڑی تعداد میں کترا ہوا پایا۔

اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق ایس بی آئی میں اے ٹی ایم کے چینل منیجر چندن شرما نے بتایا کہ خراب ہونے سے قبل اس مشین میں 29 لاکھ روپے ڈالے گئے تھے۔

انھوں نے کہا ’تقربیاً 17 لاکھ روپے بغیر کترے بچ گئے جبکہ 12 لاکھ 38 ہزار مالیت کے روپے کو نقصان پہنچا ہے۔‘

اس سے قبل انڈیا کی شمال مشرقی ریاست میں چوہوں پر ضبط کی جانے والی ہزاروں لیٹر شراب پینے کا الزام لگایا گيا تھا۔

ریاست بہار نے سنہ 2016 میں شراب کی فروخت اور شراب نوشی پر پابندی عائد کر دی تھی اور تقریباً ایک سال کے دوران پولیس نے نو لاکھ لیٹر شراب ضبط کی تھی۔

اس کے علاوہ ستمبر سنہ 2017 میں بہار میں سیلاب سے آنے والی تباہی کا سبب بھی چوہوں کو بتایا گیا تھا۔

بہار کے اس وقت کے آبی وسائل کے وزیر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ نے ایک ریویو میٹنگ میں بتایا کہ بہار میں سیلاب کی تباہی کا اصل سبب چوہے ہیں۔

انھوں نے میڈیا کو بتایا: ‘سیلاب کے پانی کے بندھ توڑ کر نکلنے کا اصل سبب چوہے ہیں۔ بطور خاص کملا بالن دریا کے بند کے پاس رہنے والے لوگ اپنا اناج بند پر مچان بنا کر رکھتے ہیں جس سے وہاں چوہے آتے ہیں اور چوہے بند میں سوراخ بناتے ہیں جس کے نتیجے میں یہ تباہی ہوئی ہے۔’

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32500 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp