مسلم لیگ ن کے علما ومشائخ ونگ کے صدر پیر زادہ سید الامین ہزاروں مریدوں اور خاندان سمیت تحریک انصاف میں شامل


پختونخوا کے معروف پیر آف مانکی شریف نیز مسلم لیگ ن کے علما و مشائخ ونگ کے صدر پیر زادہ سید الامین نے اپنے ہزاروں مریدوں اور خاندان سمیت مسلم لیگ ن سے مستعفی ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ پیر زادہ سید الامین مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں وزیر اعلیٰ کے مشیر بھی رہے۔

صوبے کے ممتاز عالم دین پیر زادہ سید الامین نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے پیش گوئی بھی کی کہ تحریک انصاف پختونخوا اور مرکز میں حکومت بنائے گی۔ چنانچہ انہوں نے اپنے مریدوں اور خاندان سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی۔ انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے حقیقی معنوں میں اسلام اور پاکستان کی خدمت کی اور تمام وسائل غریب عوام پر خرچ کئے۔ تعلیمی اداروں میں ناظرہ قرآن اور قرآن با ترجمہ لازمی قراردیا۔ سود اور جہیز کے خلاف قانون سازی کی اور تعلیمی نصاب میں ختم نبوت سمیت اسلام سے متصادم مواد نکالا۔

غریب عوام کے پانچ بڑے مسائل تعلیم، صحت، تھانہ، پٹوار اور اداروں سے سیاسی مداخلت ختم کرا دی۔ یہی وجہ ہے کہ میں نے سوچ سمجھ کر تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔ اسی طرح نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ ملک کے طول وعرض میں لوگ تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور سابق وزیر اعلی پرویز خٹک پر بھرپور اعتماد کا اظہار کررہے ہیں۔

سابق وزیر اعلی پرویز خان خٹک نے پیر آف مانکی شریف پیرزادہ سید الامین، ان کے خاندان اور مریدوں کی پی ٹی ائی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جس نے اپنے منشور پر من وعن عمل کیا۔ اور یہ وجہ ہے کہ پیر اف مانکی شریف جیسی قدآور شخصیات اور عوام پی ٹی ائی میں شامل ہو رہے ہیں۔ کیونکہ قائد اعظم محمد علی جناح خود چل کر آستانہ عالیہ مانکی شریف آئے اور اس خاندان کو تحریک پاکستان کی جدوجہد اور خیبرپختونخوا میں ریفرنڈم جیتنے اور پاکستان کاحصہ بنانے کے لئے ان کو اپنے ساتھ شامل کیا۔ وہ آستانہ عالیہ مانکی شریف میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر پیر زادہ سید الامین پیر آف مانکی شریف، پیر زادہ اسماعیل نے اپنے خاندان، ساتھیوں اور مریدوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پیر زادہ سید الامین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خاندان کی 1945 سے وابستگی مسلم لیگ ن کے ساتھ کافی عرصے تک رہی۔ انھوں نے کہا کہ مانکی شریف اورآستانہ عالیہ مانکی شریف کے گرد ونواح میں پی ٹی ائی کے دور حکومت میں جتنا ترقیاتی کام ہوا، اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).