شادی پہ کی گئی فضول خرچی کا انجام؛ جدید تحقیق کے حیرت انگیز نتائج


فضول خرچی یوں تو کسی بھی حالت میں اچھی بات نہیں لیکن خصوصاً شادی کے موقع پر فضول خرچی کرنے والوں کیلئے وارننگ ہے کہ یہ غلطی عمر بھر کے پچھتاوے میں بدل سکتی ہے۔ سائنسی جریدے ”اکنامک انکوائری“ میں شائع ہونے والی ایک تازہ ترین تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جو افراد اپنی شادی پر غیر معمولی فضول خرچی کرتے ہیں ان کی طلاق کا امکان بہت زیادہ ہوتا ہے۔

امریکہ میں کی گئی اس تحقیق میں تین ہزار سے زائد جوڑوں کی شادی پر ہونے والے اخراجات اور ان کی شادی شدہ زندگی کی مدت کے بارے میں معلومات جمع کی گئیں۔ تحقیق کاروں نے بطور خاص یہ احتیاط برتی کہ جن جوڑوں کے متعلق معلومات جمع کی گئیں ان کی آمدنی اور سماجی حالات ملتے جلتے تھے۔ ان کے درمیان واحد بڑا فرق شادی پر ہونے والے اخراجات تھے۔

اس تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ جو لوگ شادی کی انگوٹھی پر 2ہزار (تقریباً دو لاکھ چوالیس ہزار روپے) سے 4ہزار ڈالر (تقریباً چار لاکھ اٹھاسی ہزار روپے) کے اخراجات کرتے ہیں ان میں طلاق کی شرح نسبتاً زیادہ ہوتی ہے جو کہ دیگر جوڑوں کی نسب تقریباً 1.3 گنا زیادہ پائی گئی۔ ان لوگوں کی شادی کے اخراجات بھی 10000ڈالر (تقریباً سوا بارہ لاکھ روپے) سے زیادہ تھے۔ اس کے برعکس جنہوں نے شادی کی انگوٹھی پر 1000ڈالر سے کم خرچ کئے اور جن کی شادی کے مجموعی اخراجات 10000ڈالر سے کم تھے ان میں طلاق کا خدشہ اور شرح دیگر جوڑوں کی نسبت تقریباً نصف پائی گئی۔

تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ شادی سے متعلقہ انڈسٹری ہمیشہ یہ تاثر دینے کی کوشش کرتی ہے کہ آپ اخراجات جتنے زیادہ کریں گے آپ کی شادی اتنی ہی زیادہ کامیاب ہوگی لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ انہیں تو اپنی آمدنی بڑھانے کی فکر ہوتی ہے لہٰذا وہ شادی کی مہنگی سے مہنگی انگوٹھی اور ڈھیروں خرچ والے انتظامات کو ہی کامیاب شادی کا نسخہ قرار دیتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ اخراجات مناسب کئے جائیں تو طلاق کا خدشہ بھی کم ہوتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).