آن لائن پیار محبت کاجھانسا دے کر لوٹنے والی لڑکی گرفتار


نوجوان لڑکی نے انٹرنیٹ پر سینکڑوں نوجوانوں کو لوٹ لیا، لیکن کوئی بھی مرد پولیس سے شکایت کیوں نہیں کرتا تھا؟ جان کر آپ بھی چالاکی پر دنگ رہ جائیں گے

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق پولیس کو تقریباً ایک ماہ قبل ایک خاتون نے شکایت کی کہ ایک سوشل میڈیا ویب سائٹ پر اس کی تصویر کا ناجائز استعمال ہو رہا ہے۔ پولیس نے بتائے گئے پروفائل کی تحقیق شروع کی اور ایک ماہ کی تگ و دو کے بعد ایک لڑکی کا سراغ لگا لیا گیا جس نے شکایت درج کروانے والی خاتون کی تصویر اپنے جعلی پروفائل پر لگا رکھی تھی ۔جب اسے گرفتار کر کے تفتیش کی گئی تو پتا چلا کہ اس 19 سالہ لڑکی نے ایک جعلی ڈیٹنگ ویب سائٹ بنا رکھی تھی جس پر لڑکیوں کی سوشل میڈیا سے چوری کی گئی تصاویر لگا کر وہ مردوں کو پھانستی تھی۔ اس کے ساتھی نوجوان چرن جیوی نے جعلی دستاویزات کے ذریعے ایک بینک اکاﺅنٹ کھلوا رکھا تھا جس میں وہ اپنے چنگل میں پھنسنے والے نوجوانوں سے رقم منتقل کرواتے تھے۔

چالاک لڑکی کا طریقہ واردات یہ تھا کہ وہ صرف 500 سے 1000 روپے اپنے ای والٹ میں منتقل کرواتی تھی، جو اس سے منسلک اکاﺅنٹ میں چلے جاتے تھے۔ اس کے بعد وہ رابطہ منقطع کر دیتی اور نئے شکار کی جانب متوجہ ہو جاتی تھی۔ جس کے ساتھ یہ دغا بازی ہوتی تھی وہ شرمندہ تو ضرورہوتا لیکن تھوڑی سی رقم جانے کے سبب پولیس کے پاس شکایت لے کر نہیں جاتا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ کئی ماہ سے یہ لڑکی بلا روک ٹوک فراڈ جاری رکھے ہوئے تھی اور کسی نے اس کی شکایت نہیں کی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ اور اس کا ساتھی نوجوان حراست میںہیں اور ان کے خلاف قانونی کاروائی جاری ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).