برازیل بمقابلہ کوسٹا ریکا کا ٹاس پاکستانی نوجوان احمد رضا کرے گا


کھیلوں کی مصنوعات بنانے کے لیے دنیا بھر میں مشہور پاکستان کا شہر سیالکوٹ سے 15 سالہ نوجوان احمد رضا روس میں کھیلے جانے والے فیفا ورلڈ کپ میں جمعہ کے روز برازیل اور کوسٹا ریکا کے درمیان میچ میں ٹاس کریں گے۔

احمد رضا کے والد شبیر احمد خود سیالکوٹ میں فٹ بال بناتے ہیں اور ان کا خاندان تین نسلوں سے فٹ بال کی سٹچنگ کا کام کرتا آیا ہے۔

احمد رضا جمعہ کو پہلے پاکستانی بن جائیں گے جو فیفا ورلڈ کپ کے گراؤنڈ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

احمد رضا کے لیے برازیل اور کوسٹا ریکا کے درمیان میچ کا ٹاس کرنا اور بھی زیادہ اہمیت اس لیے رکھتا ہے کہ وہ برازیل اور نیمار جونیر کے مداح ہیں اور ان کو موقع ملے گا کہ وہ اپنی پسندیدہ ٹیم اور پسندیدہ کھلاڑی سے ملاقات کر پائیں گے۔

یہ قدم مشروبات بنانے والی کمپنی کوکا کولا نے لیا ہے۔ احمد رضا کے علاوہ وہ پاکستان نیشنل فٹ بال ٹیم کے کے کپتا کلیم اللہ کو بھی روس لے کر جا رہی ہے۔

احمد رضا سے پہلے اگرچہ کسی پاکستانی نے فیفا ورلڈ کپ میں نمائندگی نہیں کی ہے لیکن پاکستان کے بنے ہوئے فٹ بال فیفا ورلڈ کپ کے دوران پاکستان کی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔

روس میں کھیلے جانے والے فیفا ورلڈ کپ میں بھی فٹ بال پاکستان ہی میں بنے ہیں۔

پاکستانی فٹبال کیسے پیچھے رہ گیا

اس سے قبل فیفا ورلڈ کپ 2014 میں بھی سیالکوٹ میں تیار کردہ فٹ بال استعمال کیے گئے تھے۔

پاکستان میں فٹبال کی صنعت تقسیم ہند سے پہلے کی موجود ہے۔

فٹبال کے عالمی مقابلوں میں پاکستان کا تیار کردہ فٹبال 1982 سے 2002 تک استعمال ہوتا رہا لیکن پھر دوسرے ممالک میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار ہونے والا فٹبال استعمال ہونے لگا۔

2002 کے عالمی کپ کے بعد فٹبال کے نگران ادارے فیفا نے کھیلوں کا سامان تیار کرنے والی ایک عالمی کمپنی کی مدد سے فٹبال کی تیاری کی تکنیک کو تبدیل کرنے کا عمل شروع کیا اور دو ہزار چار میں مصنوعی چمڑے سے مشینوں کے ذریعے مولڈڈ فٹبال کی تیاری شروع ہوئی اور یہ ہی وقت تھا جب پاکستان سے فٹبال کی برآمد متاثر ہونا شروع ہوئی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp