زعیم قادری کی باتیں ریکارڈ کر کے نواز شریف کو سنوائی گئیں: سہیل وڑائچ  


زعیم قادری کی پریس کانفرنس پر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ نواز اور شہباز شریف کے خلاف گفتگو کرنے پر زعیم قادری کو ٹکٹ نہیں دیا گیا۔ شریف قیادت کو ان کا انداز پسند نہیں آیا۔ بیورو چیف جیو نیوز لاہور رئیس انصاری نے اس کا پس منظر بتاتے ہوئے کہا کہ زعیم قادری نے این اے 133کیلئے ٹکٹ مانگا تھا لیکن پتا چلا کہ انہیں این اے 133 کا ٹکٹ نہیں دیا جا رہا، جب انہوں نے صوبائی اسمبلی کی بات کی کہ صوبائی اسمبلی کی ٹکٹ دی جائے گی تو بقول ہمارے ذرائع کے انہیں کہا گیا کہ وہ صوبائی ٹکٹ لینے کیلئے حمزہ شہباز سے بات کر لیں۔ جس پر انہوں نے کہا کہ وہ حمزہ شہباز سے مزید بات کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ انہیں منانے کیلئے جب رانا مشہود اور سعد رفیق آئے تو انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ آپ کے تحفظات قیادت تک پہنچائیں گے، چونکہ قیادت اس وقت لندن میں ہے ان سے بات کرنے کے بعد آپ کو بتائی جائے گی جس پر انہوں نے انکار کردیا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان سے آپ کے لئے ٹکٹ کی بات کریں گے۔ آپ پرانے کارکن ہیں، آپ کو ایم این اے کے لئے ٹکٹ دلوانے کی کوشش کریں گے لیکن زعیم قادری نے کہا کہ اب یہ نہیں ہوسکتا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی کیلئے خواتین کی مخصوص نشستوں کے لئے جو نام بھیجے ہیں اس میں چوبیسواں نمبر عظمیٰ قادری کا ہے جو ان کی اہلیہ ہیں، ہمارے ذرائع کا کہنا ہے کہ عظمیٰ قادری بھی اب اس فہرست میں شامل نہیں ہوں گی

سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے کہا کہ جس دن ٹکٹوں کا فیصلہ ہونا تھا میں آبزرور کی حیثیت سے وہاں موجود تھا۔ بطور صحافی ہم لوگوں نے مشاہدہ کیا کہ زعیم قادری نے ٹکٹ کے لئے میٹنگ میں بھی اپنا دفاع پیش کیا، ایسا لگتا تھا کہ جیسے ان کے بارے میں ن لیگ کی قیادت کے کچھ تحفظات ہیں جن کو وہ بیان کر رہے ہیں، میں نے بعد میں پتا کروایا کہ کیا بات ہے؟ زعیم قادر ی تو بہت وفادار اور ان کی فیملی بھی مسلم لیگی ہے، ان کے والد صاحب بھی بڑے پکے مسلم لیگی تھے۔ پھرآخر کیا بات ہوئی ہے۔ پتا یہ چلا کہ کچھ لوگوں نے زعیم قادری کی کچھ باتیں ریکارڈ کروا کر چیف منسٹر شہباز شریف اور نواز شریف کو سنوائی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ اس گفتگو میں وہ ان کے خلاف کچھ باتیں کر رہے تھے۔ ا س وجہ سے یہ غلط فہمیاں بڑھی ہیں، میرا خیال ہے کہ زعیم قادری عام طورپر گپ شپ اور ہلکی پھلکی گفتگو بھی کرتے ہیں اور اپنے دوستوں میں ذرا کھل بھی جاتے ہیں، شریف قیادت کو ان کا یہ انداز پسند نہ آیا۔ یہ طے تھا کہ اس دفعہ انہیں قومی اسمبلی یا صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ نہیں ملے گا، شاید اسی لئے زعیم قادری کو بھی یہ علم تھا کہ مجھے ٹکٹ نہیں دیا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).