زعیم قادری نجی محفلوں میں شریف گھرانے کے بارے میں نامناسب گفتگو کرتے تھے: عارف نظامی


سینئر صحافی عارف نظامی نے کہا ہے کہ زعیم قادری اکثر نجی محفلوں میں شریف گھرانے کے خلاف سخت زبان استعمال کرتے تھے جبکہ میرے خیال میں انہیں ٹکٹ اس لئے نہیں دیا گیا کیونکہ پی ایم ایل کی قیادت کا خیال ہے کہ زعیم قادری کے پاس خرچ کرنے کیلئے مال نہیں ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عارف نظامی نے کہا کہ زعیم قادری صاحب کافی دیر سے نجی محفلوں میں ’لوز ٹاک‘ کرتے رہتے تھے اور میں حیران ہوتا تھا کہ وہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کے بارے میں کافی سخت زبان استعمال کرتے تھے۔

میں بڑا حیران ہوتا تھا کہ یہ وزیر باتدبیر ہیں، لیکن لگتا ہے کہ وہ بے تدبیر تھے۔ ان کو تھوڑا سا گلہ یہ تھا کہ میں ترجمان ہوں اور وزیر بننے کی جستجو میں مصروف تھے اور جب وزیر بنا دیا گیا تو پھر ترجمان نہیں رہے۔ انہوں نے مجھ سے بھی کئی بار اپنے لئے سفارش کروائی۔ ان کی اکثر قیادت سے ناراضی رہتی تھی مگر جب سب کچھ مل رہا ہو تو پھر اعتراض کی وجہ باہر کے لوگوں کو قابل فہم نہیں لگتی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ زعیم قادری کی بیگم بھی ایم پی اے ہیں اور قادری صاحب خود بھی جھنڈے لگا کر پھرتے تھے۔ اصل بات یہ ہے کہ سیاستدان ایسے ہی ہوتے ہیں اور اپنی اپنی ضروریات کے تحت بیٹھے ہوتے ہیں۔ بنیادی طور پر بات یہ ہے کہ انہیں ٹکٹ ہی نہیں ملی تو گلہ تو بن ہی گیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).