تحریک انصاف سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے مقابلے میں نکل آئی: نیب سے کرپشن کی تحقیق کا مطالبہ


پاکستان تحریک انصاف نے ایڈن ہاؤسنگ میں اربوں کے فراڈ کے معاملے پرسابق چیف جسٹس افتخار چوہدری، ان کی صاحبزادی، داماد اور سمدھی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ چیئرمین نیب کے نام خط میں پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے موقف اپنایا کہ “ایڈن ہاؤسنگ” ملکی تاریخ کا ایک بڑا سکینڈل ہے جس میں قومی خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچایا۔ اس پر قومی احتساب بیورو کا کارروائی سے گریز چیئرمین اور ادارے کی ساکھ پر نہایت منفی اثرات مرتب کرے گا۔ افتخار چوہدری کے خلاف کارروائی کے لئے قوم کی نگاہیں قومی احتساب بیورو کی جانب اٹھ رہی ہیں۔

ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے چیئرمین نیب کے نام خط میں کہا ہے کہ “ایڈن ہاؤسنگ” ملکی تاریخ کا ایک بڑا سکینڈل ہے۔ افتخار چوہدری، ان کی بیٹی، داماد اور سمدھی نے مبینہ طور پر قومی خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچایا۔ معتبر ترین شواہد اور عدالت عظمٰی کے واضح احکامات کے باوجود افتخار چوہدری اور دیگر کے خلاف کارروائی سے گریز پر تشویش ہے۔ ایڈن ہاؤسنگ میں بیواؤں، یتیموں اور غریب ملازمین کی جمع پونجی پر ہاتھ صاف کئے گئے۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ آئینی طور پر باختیار ادارے نے اب تک افتخار چوہدری، ان کی صاحبزادی، داماد اور سمدھی کے خلاف کیا کارروائی کی؟ چیئرمین نیب فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں اور ملکی تاریخ کے اس بڑے سکینڈل میں ملوث افراد کا ان کی حیثیت کی بجائے جرم کی سنگینی کے اعتبار سے محاسبہ کیا جائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).