انتخابات کا مشاہدہ کرنے کے لیے عالمی مبصرین کی پاکستان آمد شروع ہو گئی


پاکستان میں 25 جولائی 2018 ء کو منعقد ہونے والے عام انتخابات کی مائنیٹرنگ کے لیے عالمی اداروں کے مبصرین کی آمد شروع ہو گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی دعوت پر 22 جون کو یورپی یونین کے انتخابی جائزہ مشن کی کور ٹیم کے 9 اراکین اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔

اس جائزہ مشن کی سربراہی جرمنی سے یورپی پارلیمنٹ کے رکن مائیکل گھلر (Michael Gahler )کر رہے ہیں۔ جنھوں نے 2013ء میں ہونے والے عام انتخابات میں بھی بطور چیف مبصر یورپی یونین جائزہ مشن سربراہی کی تھی۔

یورپی یونین کے اس 9 رکنی الیکٹرول آبزرور مشن کے علاوہ آئندہ چند روز تک مزید 60 لانگ ٹرم مبصرین اس ٹیم میں شامل ہو جائیں گے۔ اس کے علاوہ پاکستان سے بھی کئی مقامی مبصرین، مترجم اور سپورٹنگ سٹاف بھی مشن کا حصہ ہوں گے۔ اس ٹیم کو اسلام آباد میں ٹریننگ اور بریفنگ کے بعد پاکستان بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی شفافیت کے جائزے کے لیے روانہ کیا جائے گا۔ جہاں سے وہ روزانہ کی بنیاد پر قبل از پولنگ اور پولنگ ڈے کے حوالے سے شفافیت کا مشاہدہ کریں گے۔

25 جولائی کو الیکشن ڈے کے بعد حسب روایت چیف مبصر مائیکل گھلر ایک پریس کانفرنس کے ذریعے انتخابات کے بارے میں اپنی ابتدائی رپورٹ جاری کریں گے، تاہم اس سلسلے میں جائزہ مبصر مشن اپنی تفصیلی رپورٹ کچھ دنوں بعد جاری کرے گا۔

یورپی یونین الیکٹرول جائزہ مشن اس سے پہلے پاکستان میں ہونے والے 2002ء، 2008ء، اور 2013ء کے انتخابات کا مشاہدہ کرکے اپنی تفصیلی رپورٹس پیش کر چکا ہے۔ جبکہ 2016ء چیف مبصر مائیکل گھلر کی قیادت میں پاکستان میں ہونے والی انتخابی اصلاحات کے فالو اپ کا جائزہ لے کر مشن اپنی رپورٹ یورپی یونین کو پیش کر چکا ہے۔

یورپی یونین کے جائزہ مشن کے علاوہ آئندہ چند روز تک دیگر بین الاقوامی اداروں سے وابستہ الیکٹرول مبصرین پاکستان پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔ جبکہ اقوام متحدہ کے ادارے یو این ڈی پی اور امریکی ادارے، انٹرنیشنل فاونڈیشن فار الیکٹرول سسٹم(IFES) گزشتہ کئی ماہ سے پاکستان میں الیکشن کمیشن کے اشتراک سے پرزائیڈنگ واسسنٹ پرزائڈنگ آفسران سمیت دیگر پولنگ سٹاف کی تربیت کے پروگرام کو حتمی شکل دے چکے ہیں۔ علاوہ ازیں یہ ادارے الیکشن کمیشن سمیت پولنگ سٹاف کی استعداد بڑھانے کے علاوہ انتخابات کے بارے میں اپنی جائزہ رپورٹس بھی تیار کریں گے۔

ان اداروں کے علاوہ لگ بھگ دو سو کے قریب دیگر بین الاقوامی انتخابی مبصرین، اور انٹرنیشنل میڈیا کے اراکین پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ جن امریکی آئی آر آئی، این ڈی آئی، دی کارٹر سنٹر کے علاوہ، دی کامن ویلتھ الیکٹرول آبزرور مشن کے ساتھ ساتھ، انگلینڈ، جاپان، کینیڈا، اور دیگر کئی ممالک کی یونیورسٹیوں سے وابستہ پولئٹکل ایکسپرٹ اور انتخابی مبصرین 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کا مشاہدہ کرنے پاکستان پہنچیں گے۔

(نیویارک میں مقیم مضمون نگار طاہر محمود چوہدری فری لانس جرنلسٹ ہیں، وہ بین الاقوامی الیکشن مبصر کی حیثیت سے امریکہ، کینڈا، انگلینڈ، سری لنکا اور پاکستان کے انتخابات کو مائنٹر کرچکے ہیں)


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).