آشنا کی خاطر شوہر کو قتل کرنے والی عورت پکڑی کیسے گئی؟


 آسٹریلیا میں ایک شخص کی گھر میں پراسرار طور پر موت واقع ہو گئی اورپولیس قاتل تک پہنچنے میں ناکام ہو رہی تھی کہ اس کے ہاتھ اس شخص کی اہلیہ کی ڈائری لگ گئی جس میں ایسی شرمناک بات لکھی تھی کہ پڑھ کر پولیس والوں کے پیروں تلے بھی زمین نکل گئی اور وہ اس قتل کا معمہ حل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ میل آن لائن کے مطابق اس ڈائری سے پولیس پر منکشف ہوا کہ مقتول سام ابراہم کی اہلیہ صوفیہ ابراہم کے ارون کمل سینن نامی شخص کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے اور وہ اس کے ساتھ رہنے کی خواہش مند تھی۔ اس نے ڈائری میں اپنے اس خفیہ معاشقے کے متعلق لکھ رکھا تھا کہ ’’میں ارون کی بانہوں میں سونا چاہتی ہوں۔‘‘ اس کے علاوہ بھی اس نے اس معاشقے کی وجہ سے درپیش مشکلات اور شوہر کے متعلق اپنی ناپسندیدگی کے متعلق بھی تحریر کر رکھا تھا۔

پولیس نے یہ ڈائری ہاتھ لگنے پر صوفیا اور اس کے آشنا ارون کو گرفتار کرکے تفتیش کی تو دونوں نے اعتراف کر لیا کہ انہوں نے سام ابراہم کو منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا تھا۔ صوفیا نے پولیس کو بتایا کہ ’’ہم نے مالٹے کے جوس میں زہر ملایا اور سوتے میں ابراہم کو جکڑ کر جوس اس کے حلق میں انڈیل دیا۔ ابراہم کو زہر دے کر قتل کرنے کا منصوبہ ارون نے بنایا تھا اور میں اس پر رضامند ہو گئی کیونکہ میں ارون کے بغیر نہیں رہ سکتی تھی۔ جب ہم نے ابراہم کو زہر دیا تو وہ بیڈ پر ہمارے دو سالہ بیٹے کے ساتھ سو رہا تھا۔‘‘رپورٹ کے مطابق پولیس نے دونوں قاتلوں کو عدالت میں پیش کیا جہاں ان کا جرم ثابت ہونے پر انہیں مجموعی طور پر49سال قید کی سزا سنا کر جیل بھجوا دیا گیا ہے۔ 33سالہ صوفیا کو 22سال اور 36سالہ ارون کو 27سال قید کی سزا دی گئی ہے اور دونوں کو بالترتیب 18اور 23سال لازمی جیل میں گزارنا ہوں گے۔

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).