نگران وزیراعظم نے کرپشن کے الزام میں مستعفی جج کو وفاقی سیکرٹری قانون مقرر کر دیا
نگران وزیراعظم ناصر الملک کی جانب سے کرپشن کے الزام میں مستعفی ہونے والے لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج عبدالشکور پراچہ کو وفاقی سیکرٹری قانون مقرر کرنے پر الیکشن کمیشن نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ نئے اٹارنی جنرل خالد جاوید بھی ایک سیاسی شخصیت این ڈی خان کے بیٹے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیر اعظم ناصر الملک کی طرف سے صرف تین ماہ کے لیے سیکرٹری قانون کی تعیناتی حیران کن ہے۔
واضح رہے کہ عبدالشکور پراچہ نے اگست 2009 میں لاہور ہائی کورٹ کے جج کے منصب سے استعفیٰ دیا تھا تاکہ سپریم جوڈیشل کونسل مین کرپشن کے الزامات کے تحت ریفرنس سے بچ سکیں۔ انہوں نے 14 اگست 2009ء کو استعفیٰ دیا تھا۔
اب انہیں اچانک الیکشن کمیشن سے مشاورت اور منظوری کے بغیر سیکرٹری قانون مقرر کردیا اورنگران وزیر اعظم کی ہدایت پر اسٹیبلیشمنٹ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے عبدالشکور پراچہ کی باضابطہ منظوری بھی نہیں لی اور اسی وجہ سے الیکشن کمیشن نے بھی سیکرٹری قانون کی تعیناتی پر اعتراض لگا دیا ہے کیونکہ اسٹیبلیشمنٹ ڈویژن نے اجازت لئے بغیر تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے اٹارنی جنرل بیرسٹر خالد جاوید پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر قانون این ڈی خان کے بیٹے ہیں اور ان کی تقرری پر بھی بعض حلقوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).