عمران خان کو ووٹ کیوں دیا جائے؟



صاحب، مان لیا نواز شریف اور آصف زرداری کرپٹ ہیں۔ عمران خان ان کے مقابلے میں دودھ کے دھلے ہیں۔ کیا ہوا جو کرپشن الزامات میں گندھے الیکٹ ایبلز کو ساتھ ملا لیا۔ الیکٹ ایبل نہ ہو تو بندہ کس کے کندھے پر چڑھ کر اقتدار کی کرسی تک پہنچے؟ جب خان خود کوئی کرپشن نہیں کرتا تو انہیں بھی نہ کرنے دے گا۔

کیا کہا؟ عمران خان نے اسٹیٹس کو کے خلاف کھڑے ہونے کا نعرہ دیا تھا؟ جی کیا کیجیے۔ خالی خولی نعروں سے تو نہیں ملتی نا وزارت عظمیٰ۔ اقتدار کے مرکز پر قبضہ کیے بغیر تبدیلی بھی تو ممکن نہیں۔ جب طاقت مل گئی تو معاملات اسٹیٹس کو کے مطابق نہیں، اس کے خلاف چلائے جائیں گے۔
اب آپ سوال کریں گے کہ عمران خان نے دوران سفر سمجھوتہ کر لیا، منزل پر پہنچ کر مزید سمجھوتے کیوں نہ کرے گا؟  اس استدلال کا جواب یہ ہو سکتا ہے۔۔۔ منزل پر پہنچنے کے بعد خان کو سمجھوتے کرنے کی ضرورت ہی نہ رہے گی۔ اچھا! اس دلیل کے مطابق خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی کارکردگی دیکھ لی جائے۔ کیا تحریک انصاف نے صوبے کی حکومت ملنے کے بعد امور  بالکل میرٹ پر چلائے؟  کیا معاملات بہتر ہوئے؟ ٹھیکے من پسند افراد کے بجائے قابل افراد کو دیے گئے؟ اسکول، کالج، یونیورسٹیاں، اسپتال اور ڈیم بن گئے؟ احتساب کمیشن بنا کر کرپشن ختم کر دی گئی یا احتساب کمیشن ہی ختم کر دیا گیا؟

اگر تو جواب ان تمام سوالوں کا ہاں میں ہے  تو جان لیجیے، عمران خان سمجھوتے کر کے اقتدار پر قابض ہو گیا تو مزید سمجھوتے ہر گز نہ کرے گا۔ 
چلیے اقتدار مل گیا، تو اسٹیبلشمنٹ سے معاملات کیا ہوں گے؟ جس امپائر کی انگلی پکڑ کر دھرنا دیا، طاہر القادری کو کزن بنایا،  جس خلائی مخلوق کے کہنے میں آ کر سینیٹ الیکشن میں پیپلزپارٹی سے ہاتھ ملایا، کیا اس سے یکسر منہ موڑ لیں گے؟ اجی کیوں نہیں؟ جب نوازشریف اسٹیبلشمنٹ کا مہرہ ہوتے ہوئے اسی سے سینگ پھنسا سکتے ہیں تو عمران خان کیوں نہیں؟ خواہش یہ خوب ہے، لیکن صاحب! نوازشریف نے بھی برسوں لیے اپنی اس غلطی کا اعتراف کرنے میں اور پھر اسے درست کرنے میں۔

ماضی اور حال کی راکھ کریدیں تو کیا عمران خان کبھی تاریخ کی درست سمت میں کھڑے نظر آئے؟ مشرف کی حمایت کرنا ہو، صرف سنی سنائی بات پر پینتیس پنکچر جیسا الزام لگانا ہو، طالبان کی درندگی کی مذمت کرنے کے بجائے اسے امریکی ایماء پر فوجی آپریشن کا ردعمل قرار دینا ہو، صوبے کی رقم سے سمیع الحق کے مدرسے کو نوازنا ہو، کیا کہیں عمران خان ایک روشن خیال اور مدبر رہنما کے طور پر سامنے آئے؟ اور یہ تو ابھی ابھی کی بات ہے، جب مسلم لیگ ن کے خلاف توہین کارڈ کھیلنے کی گنگا بہنے لگی تو عمران خان نے خوب خوب ہاتھ دھوئے۔ عمران خان نے 2013 کے الیکشن کے بعد دھاندلی دھاندلی کا شور مچایا، لیکن کیا پارلیمنٹ میں رہتے ہوئے آئندہ دھاندلی روکنے کا کوئی لائحہ عمل بنایا؟ ان کی تو اپنی پارٹی میں ہوئے انتخابات پر سوال اٹھے۔ جسٹس (ر) وجیہ الدین نے تحقیقات کے بعد کچھ سفارشات تیار کیں۔ کیا عمران خان نے ان سفارشات پر عمل کیا یا   جسٹس (ر) وجیہ الدین سے راہیں جدا کر لیں؟ دھاندلی کے ملزموں کو نکال باہر کیا یا دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے کو؟ (وہ تو کہتے ہیں نا کہ پارٹی کا سربراہ کرپٹ نہ ہو تو اپنے نیچے ہونے والی کرپشن برداشت نہیں کرتا)

چلیے عمران خان صاحب نے قانون سازی میں کوئی دلچسپی نہ دکھائی، کہ پارلیمنٹ ہی نہ گئے (تو نواز شریف کون سا پارلیمنٹ جاتے تھے)۔ قانون پر عمل کرنے کے حوالے سے بھی عمران خان کا ریکارڈ دیکھ لیجیے۔ دارلحکومت پر دھاوا، پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملہ۔ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر حملہ۔ پھر ان مقدمات سے فرار۔ سال ہا سال تک عدالتوں میں پیش ہی نہ ہونا۔ حکومت کے نمائندوں سے ملنے میں منہ بنانا، ‘ان’ سے ملاقات کا بلاوا آنا تو باچھیں کھل جانا۔۔۔کیا عمران خان ایک قانون پسند شہری کے طور پر سامنے آئے؟  اجی انہیں تو عدالت سے جھوٹا اور خائن قرار دیے گئے شخص کی دوری منظور نہیں۔ بغل میں لیے پھرتے ہیں (ہو سکتا ہے کہ مجبوری ہو، یا پھر بغل میں لیے پھرنے کا عمل دوسرے فرد کی جانب سے ہو۔ حسن ظن رکھنا چاہیے)

حاصل کلام یہ کہ عمران خان کو ووٹ ضرور دیجیے، کہ اپنی پسند کا امیدوار چننا آپ کا حق ہے۔ لیکن دوسروں کے مقابلے میں  انہیں پاک، پارسا اور پوتر ثابت کرنے کی کوشش نہ کیجیے۔ جب حقائق کے حمام پر نظر پڑتی ہے تو دیگر جماعتوں کے سربراہوں کی طرح، تحریک انصاف والے بھی اتنے ہی بے لباس نظر آتے ہیں۔

عمیر محمود

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عمیر محمود

عمیر محمود ایک خبری ٹیلی وژن چینل سے وابستہ ہیں، اور جو کچھ کرتے ہیں اسے صحافت کہنے پر مصر ہیں۔ ایک جید صحافی کی طرح اپنی رائے کو ہی حرف آخر سمجھتے ہیں۔ اپنی سنانے میں زیادہ اور دوسروں کی سننے میں کم دلچسپی رکھتے ہیں۔ عمیر محمود نوک جوک کے عنوان سے ایک بلاگ سائٹ بھی چلا رہے ہیں

omair-mahmood has 47 posts and counting.See all posts by omair-mahmood